کشمیر میڈیکل کالج میں داخلوں کے لیے این ایم سی کی منظوری کا مطالبہ، طلبہ اور والدین کا پریس کالونی سرینگر میں احتجاج

سری نگر/کشمیر میڈیکل کالج میں داخلوں کا عمل شروع کرنے کے لیے نیشنل میڈیکل کمیشن (این ایم سی) کی جانب سے لیٹر آف پرمیشن (LoP) جاری کرنے کے مطالبے کو لے کر جمعہ کو ایم بی بی ایس کے خواہشمند طلبہ اور ان کے والدین نے پریس کالونی سری نگر میں احتجاج کیا۔طلبہ اور والدین نے مطالبہ کیا کہ میڈیکل کالج کو فعال بنانے اور داخلوں کا عمل شروع کرنے کے لیے این ایم سی جلد از جلد ضروری منظوری فراہم کرے۔انہوں نے واضح کیا کہ ان کا مقصد کسی فرد یا ادارے کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ زیر التوا معاملے کا جلد حل نکالنا ہے، تاکہ میڈیکل کالج میں تعلیمی سرگرمیاں شروع ہو سکیں۔
طلبہ کا کہنا تھا کہ لیٹر آف پرمیشن کا معاملہ گزشتہ پانچ ماہ سے التوا کا شکار ہے۔ ایک طالب علم نے بتایا کہ انہوں نے ستمبر میں ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا اور 27 اکتوبر کو معاملے کی سماعت بھی ان کے حق میں رہی، تاہم اس کے باوجود مسئلہ حل نہیں ہو سکا۔انہوں نے کہا کہ 16 نومبر کی ڈیڈ لائن قریب آ رہی ہے، جبکہ عدالت میں اگلی سماعت 20 نومبر کو مقرر ہے۔ ایسے میں طلبہ اور والدین متعلقہ حکام سے مداخلت کرکے ضروری منظوری فراہم کرنے کی اپیل کر رہے ہیں، کیونکہ میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں