سنگین غفلت کا انکشاف، طبی عملے اور مریضوں کی جان خطرے میں، انتظامیہ نے نوٹس لے لیا۔
جناح اسپتال کراچی کے اینڈوسکوپی یونٹ میں استعمال ہونے والے خون کے دھبوں والے آلودہ لیڈ ایپرن کی تصویر۔
کراچی کے جناح اسپتال کے اینڈوسکوپی یونٹ میں ڈاکٹروں کو مبینہ طور پر خون کے دھبوں والے پرانے اور آلودہ لیڈ ایپرن استعمال کرنے پر مجبور کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس صورت حال سے طبی عملے کے ساتھ ساتھ مریضوں کی صحت اور انفیکشن سے تحفظ کے حوالے سے بھی سنگین خدشات کا اظہار کیا گیا ہے۔ ریڈی ایشن پروٹیکشن ایپرن کی تصاویر بھی سامنے آ گئی ہیں، جن میں حفاظتی گاؤنز پر خون کے واضح دھبے اور صفائی کی انتہائی ناقص صورت حال واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔
طبی ذرائع کے مطابق جناح اسپتال کے اینڈوسکوپی یونٹ میں ایک ہی لیڈ ایپرن کو کئی مختلف طبی پروسیجرز اور سرجریز کے دوران استعمال کیا جا رہا ہے۔ تاہم، ان حفاظتی لباس کو باقاعدگی سے دھو کر جراثیم سے پاک نہیں کیا جا رہا، جس کے باعث گاؤنز پر خون کے دھبے اور آلودگی برقرار ہے۔ گاؤنز کے مسلسل استعمال کے باوجود مناسب صفائی اور دیکھ بھال نہ کیے جانے پر ڈاکٹروں نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے اس تشویشناک صورت حال کی تصاویر بنا کر جناح اسپتال انتظامیہ کو باقاعدہ شکایت بھی ارسال کر دی ہے، تاہم طبی عملے کو صاف اور متبادل حفاظتی لباس کی فراہمی کا مسئلہ تاحال توجہ طلب بنا ہوا ہے۔
ماہرین کے مطابق لیڈ ایپرن ایکسرے اور دیگر شعاعوں کے دوران طبی عملے کو خطرناک ریڈی ایشن سے بچانے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ تاہم، ان کی بیرونی سطح پر خون یا جسمانی رطوبتوں کی آلودگی کی صورت میں صفائی اور جراثیم کش عمل انتہائی ضروری ہوتا ہے۔ آلودہ گاؤنز کو مناسب صفائی کے بغیر بار بار دوبارہ استعمال کرنے سے جراثیم کی منتقلی اور خطرناک انفیکشن پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ خطرہ صرف طبی عملے تک محدود نہیں رہتا بلکہ علاج کے لیے آنے والے مریض بھی اس ناقص صورت حال سے بری طرح متاثر ہو سکتے ہیں۔ ڈاکٹروں نے مطالبہ کیا ہے کہ اسپتال انتظامیہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے اور تمام وارڈز میں استعمال ہونے والے حفاظتی لباس کی صفائی، مجموعی حالت اور دستیابی کا فوری جائزہ لے۔
دوسری جانب جناح اسپتال کے جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سلیمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسپتال کے مختلف وارڈز میں 24 گھنٹے آپریشن تھیٹرز فعال انداز میں کام کر رہے ہیں، جن میں ایمرجنسی، گائنی، یورولوجی اور اینڈوسکوپی سمیت دیگر اہم شعبے شامل ہیں، اور تمام طبی عملے کو ضروری سامان فراہم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ڈاکٹروں کی حفاظت کے ساتھ مریضوں کی حفاظت بھی انتہائی ضروری ہے، خواہ معاملہ انفیکشن کنٹرول ہی سے متعلق کیوں نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اینڈوسکوپی وارڈ میں اس نوعیت کا کوئی بھی مسئلہ موجود ہے تو فوری ہدایات جاری کر کے صورت حال کو مکمل طور پر درست کیا جائے گا اور ڈاکٹروں کو تمام ضروری سامان فراہم کیا جائے گا۔ طبی حلقوں کی جانب سے یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ جدید طبی سہولیات فراہم کرنے کے دعویدار جناح اسپتال میں طبی عملے کو صاف اور محفوظ حفاظتی لباس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ نگرانی کا نظام تاحال کیوں مؤثر ثابت نہیں ہو سکا۔