اجلاس کی صدارت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔
اسلام آباد میں ای سی او وزرائے خارجہ کا 30واں اجلاس آج شروع ہوگا
اجلاس میں ای سی او کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ، اعلیٰ سطح کے وفود، تنظیم کے سیکریٹریٹ اور ذیلی اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ وزارتی اجلاس سے قبل رکن ممالک کے اعلیٰ حکام کا اجلاس بھی ہوگا، جس میں تنظیم کی سرگرمیوں، جاری منصوبوں اور ذیلی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس دوران وزارتی اجلاس کا ایجنڈا اور مجوزہ دستاویزات بھی حتمی شکل دی جائیں گی۔
پاکستان 2026-27 کے لیے ای سی او کی صدارت کر رہا ہے اور اس دوران تنظیم کی سرگرمیوں کو ’’علاقائی تعاون کی بحالی، مضبوط اور مستحکم ای سی او‘‘ کے موضوع کے تحت آگے بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی ترجیحات میں علاقائی رابطوں اور معاشی تعاون کو فروغ دینا، رکن ممالک کے درمیان شراکت داری مضبوط بنانا اور پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں شامل ہیں۔
پاکستان خود کو خطے میں تجارتی اور مواصلاتی رابطوں کا اہم مرکز بنانے، سامان کی ترسیل اور رسد کے نظام کو بہتر بنانے اور علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے اقدامات بھی کرے گا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچنے والے وفود کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بات چیت کے ذریعے علاقائی تعاون اور مشترکہ ترجیحات کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
اجلاس میں شرکت کے لیے شمالی قبرص کے وزیر خارجہ تحسین ارتغرلو اوغلو بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ ایئرپورٹ پر وزارت خارجہ کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔