پاکستان کی اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت، شام کے مقبوضہ علاقوں سے فوری انخلا کا مطالبہ

اسرائیلی خلاف ورزیاں شام کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ملک کی بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں بھی رکاوٹ ہیں۔

November 17, 2026 · اہم خبریں, قومی

پاکستان کی اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت، شام کے مقبوضہ علاقوں سے فوری انخلا کا مطالبہ

پاکستان کی اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت، شام کے مقبوضہ علاقوں سے فوری انخلا کا مطالبہ

پاکستان نے شام کی سرزمین پر اسرائیل کے مسلسل حملوں اور دراندازی کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل فوری طور پر اپنی کارروائیاں بند کرے، مقبوضہ علاقوں سے فوجیں واپس بلائے اور 1974 کے جنگ بندی معاہدے سمیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل عمل درآمد کرے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شام کی سیاسی اور انسانی صورتحال پر بریفنگ کے دوران پاکستان کے مستقل مندوب سفیر سید حیدر شاہ نے واضح کیا کہ بین الاقوامی قانون کے تحت مقبوضہ گولان شام کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی خلاف ورزیاں شام کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ملک کی بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں بھی رکاوٹ ہیں۔ پاکستان شام کی سیاسی تبدیلی، قومی اداروں کی بحالی اور ملک میں استحکام کے لیے جاری کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

پاکستانی مندوب نے شام پر عائد معاشی پابندیوں میں نرمی کے امریکی، یورپی یونین اور برطانوی اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے سرمایہ کاری اور تعمیر نو کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ تاہم شام کی معاشی بحالی کے لیے عالمی برادری کا مسلسل تعاون ضروری ہے۔

سفیر حیدر شاہ نے شام میں انسانی امداد جاری رکھنے پر بھی زور دیا اور کہا کہ داعش، دیگر دہشت گرد تنظیمیں اور غیر ملکی دہشت گرد جنگجو اب بھی ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ ان کے خلاف عالمی قوانین کے مطابق مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے معاون سیکریٹری جنرل برائے انسانی امور محمد یحییٰ نے سلامتی کونسل کو بتایا کہ شام میں بارودی سرنگوں اور جنگ کے دوران بچھائے گئے دھماکا خیز مواد کے باعث گزشتہ ایک ماہ میں کم از کم 30 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 19 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ 80 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

اقوام متحدہ کے مطابق دسمبر 2024 سے اب تک تقریباً 40 لاکھ شامی شہری اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں، تاہم 7 لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد اب بھی کیمپوں میں مقیم ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں موسم سرما میں شام کے 24 لاکھ افراد کو اضافی امداد کی ضرورت پڑ سکتی ہے، جبکہ اقوام متحدہ کا امدادی منصوبہ اب تک صرف 40 فیصد مالی وسائل حاصل کر سکا ہے۔

اقوام متحدہ کے نمائندے کلاڈیو کورڈونے نے شام میں عبوری انصاف کے مسودہ قانون کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ احتساب کا عمل غیر جانبدار ہونا چاہیے اور جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی متاثرین یا ملزمان کی شناخت سے قطع نظر ہونی چاہیے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں