اہم بیان، علاج میں کوئی کوتاہی نہیں کی گئی، ڈیل یا ڈھیل کی تاثر غلط ہے
ڈاکٹرز نے سرجری کا فیصلہ کیا تو بانی پی ٹی آئی کو سہولت دینگے، رانا ثنااللہ
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ اگر ڈاکٹرز کے بورڈ نے یہ فیصلہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سرجری کی ضرورت ہے، تو حکومت کی طرف سے انہیں مکمل طبی سہولت فراہم کی جائے گی۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ علاج معالجے کے معاملے میں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی گئی، اور عمران خان سمیت بشریٰ بی بی کو بھی طبی ماہرین کی مشاورت اور ایڈوائز کے مطابق تمام سہولیات دی جائیں گی۔
ایک سوال کے جواب میں رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے رہنما انتشار اور ہنگامہ آرائی چاہتے تھے، تاہم اپنے مقاصد میں ناکامی کے بعد وہ اب بات چیت کی میز پر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ اچھے طریقے سے معاملات طے کرنے کی کوشش کی ہے جبکہ دوسری طرف سے انکار کیا جاتا رہا۔ حکومت کی پالیسی بالکل واضح ہے کہ تمام ایشوز کو بیٹھ کر اور مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے، تاہم یہ تاثر مکمل طور پر غلط ہے کہ اس وقت کوئی ڈیل یا ڈھیل ٹیبل پر موجود ہے۔
صوبائی معاملات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ جب یہ امور پارلیمنٹ میں آئیں گے تو اس میں زیادہ دیر نہیں لگے گی۔ یہ معاملہ اتنا سادہ نہیں ہے کہ کوئی ایک شخص بات کرے اور اس کا فوری حل نکل آئے، اس لیے صوبوں کے حوالے سے پارلیمنٹ میں تفصیلی بحث کی جائے گی۔ دریں اثنا، اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کے مطابق جیل مینوئل کے عین مطابق خواتین قیدیوں کی جیل سہولیات، ان کی صحت اور صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھا جا رہا ہے۔