چین امریکی اے آئی ماڈلز سے اپنے ماڈلز کیسے بنا رہا ہے؟ حیران کن طریقۂ سامنے آ گیا

شینزن: امریکا کی جانب سے جدید اے آئی چپس کی برآمدات پر پابندی کے اثرات کم کرنے کے لیے چین امریکی اے آئی ماڈلز سے حاصل کردہ نتائج استعمال کر کے اپنے مقامی حریف ماڈلز کو تربیت دینے لگا ہے۔

کی ایک رپورٹ کے مطابق چین کے ادارے امریکی مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے سرکردہ ماڈلز سے حاصل ہونے والے نتائج کو استعمال کرتے ہوئے اپنے مقامی اے آئی ماڈلز کو تربیت دینے کے زیادہ جدید طریقے اپنانے لگے ہیں۔

دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ چین اپنی اے آئی حکمتِ عملی کو وسعت دینے اور چپس تک رسائی پر امریکا کی سخت ہوتی پابندیوں کے اثرات کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

روئٹرز کی جانب سے چین کے 300 سے زیادہ علمی تحقیقی مقالوں، پیٹنٹس، کمپنیوں کے انکشافات، بھرتیوں کے اشتہارات اور سرکاری دستاویزات کے جائزے سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ طریقۂ کار، جسے ڈسٹلیشن کہا جاتا ہے، اب محض علمی تجربات تک محدود نہیں رہا بلکہ چین میں صنعتی سطح پر بھی بڑے پیمانے پر استعمال ہونے لگا ہے۔

ان دستاویزات کے مطابق، چینی محققین امریکی اے آئی ماڈلز سے سوالات کے جوابات حاصل کرنے، کمپیوٹر کوڈ تیار کرنے اور پیچیدہ مسائل کے حل تلاش کرنے کے لیے کام لے رہے ہیں۔ اس کے بعد چینی کمپنیاں اس عمل کو خودکار بنانے کے لیے سافٹ ویئر تیار کر رہی ہیں، جب کہ خصوصی تربیت یافتہ کارکن چھوٹے مقامی اے آئی ماڈلز کی تربیت کے لیے مواد تیار کر رہے ہیں۔

دستاویزات سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ بیجنگ حکومت ڈسٹلیشن کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے تاکہ اے آئی کی لاگت کم کی جا سکے اور اسے چین کے وسیع و طاقت ور صنعتی شعبے میں زیادہ آسانی سے استعمال کیا جا سکے۔

ڈسٹلیشن کا طریقہ کار


ڈسٹلیشن کوئی غیر قانونی عمل نہیں اور دنیا کے دوسرے حصوں میں بھی وسیع پیمانے پر رائج ہے۔ اگرچہ اس طریقۂ کار سے کسی سرکردہ اے آئی ماڈل کی تمام صلاحیتیں مکمل طور پر نقل نہیں کی جا سکتیں اور نہ ہی جدید کمپیوٹنگ طاقت کی ضرورت ختم ہوتی ہے، تاہم اس کے ذریعے ڈیولپرز مہنگے اور بڑے ماڈلز کی بعض منتخب صلاحیتیں نسبتاً چھوٹے نظاموں میں منتقل کر سکتے ہیں، جنھیں چلانے پر کم خرچ آتا ہے۔ اس طرح امریکی ٹیکنالوجی پر انحصار بھی ممکنہ طور پر کم کیا جا سکتا ہے۔

چین میں ڈسٹلیشن کے بڑھتے ہوئے استعمال سے جدید چپس کی فروخت پر امریکی پابندیوں کے اثرات کم ہو سکتے ہیں، کیوں کہ چینی ڈیولپرز اپنے امریکی حریفوں کے اے آئی ماڈلز کی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی مصنوعی ذہانت کی صلاحیتیں تعمیر کر سکتے ہیں۔

ڈسٹلیشن کا معاملہ دنیا کی دو بڑی معیشتوں، امریکا اور چین، کے درمیان کشیدگی کا ایک اور سبب بھی بن رہا ہے۔ یہ صورتِ حال 18 اور 19 نومبر کو شینزن میں ہونے والے ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون (ایپک) کے سربراہی اجلاس سے قبل سامنے آئی ہے، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے چینی ہم منصب شی جن پنگ کی ملاقات متوقع ہے۔ جب کہ پیر کے روز واشنگٹن نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ وہ اینویڈیا جیسی کمپنیوں کی جدید چپس تک چین کی رسائی مزید محدود کرے گا۔

امریکی حکام نے ستمبر میں عوامی سطح پر الزام عائد کیا تھا کہ چینی کمپنیاں امریکی اے آئی ماڈلز کی صلاحیتیں حاصل کرنے کے لیے صنعتی پیمانے پر جارحانہ اور ہدفی ڈسٹلیشن کر رہی ہیں۔

اس سے پہلے جولائی میں چین کے شہر چینگدو میں ہونے والے اجلاسوں کے دوران امریکی محکمہ تجارت کے حکام نے چینی نگران اداروں کے سامنے اس معاملے پر تشویش کا اظہار کیا تھا کہ چینی ڈیولپرز امریکی اے آئی کے سرکردہ ماڈلز سے نتائج اور معلومات جمع کر رہے ہیں۔ امریکی حکام نے خبردار کیا تھا کہ ان سرگرمیوں کی بعض صورتیں دانش ورانہ ملکیت کی چوری کے زمرے میں آ سکتی ہیں۔

تاہم چینی حکام نے ڈسٹلیشن کا دفاع کرتے ہوئے اسے اے آئی کی ترقی کے لیے ایک معمول کا طریقۂ کار قرار دیا اور کہا کہ جہاں یہ عمل دانش ورانہ ملکیت کی چوری کے زمرے میں آئے گا، وہاں کارروائی کے لیے وہ تیار ہیں۔

امریکی ماڈلز کے جوابات سے چینی ماڈلز کی تربیت تک


ڈسٹلیشن کے عمل میں ایک طاقت ور ماڈل کو ’استاد‘ (ٹیچر ماڈل) کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، جو سوالات کے جوابات دیتا ہے یا مختلف کام انجام دینے کا طریقہ بتاتا ہے۔ اس کے بعد ڈیولپرز ان جوابات اور مثالوں کو ایک نسبتاً چھوٹے ’شاگرد‘ (اسٹوڈنٹ ماڈل) کی تربیت کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

علی بابا گروپ کے ایک سابق انجینئر کے مطابق کمپیوٹنگ طاقت کی قلت کا سامنا کرنے والے چینی ڈیولپرز کے لیے اس طریقے کی کشش یہ ہے کہ ایک مرتبہ کیے گئے مہنگے سوال سے بار بار کام لیا جا سکتا ہے۔

ان کے مطابق، کوئی امریکی اے آئی ماڈل ایک پیچیدہ سوال کا جواب ایک مرتبہ تیار کر سکتا ہے۔ اس کے بعد چینی ٹیم اس مفید مثال کو محفوظ کر کے اس کی بنیاد پر اپنا مقامی اے آئی ماڈل تربیت دے سکتی ہے۔

نومبر 2024 میں شائع ہونے والے ایک تحقیقی مقالے میں شنگھائی جیاؤ ٹونگ یونیورسٹی کے محققین نے بتایا کہ انھوں نے اوپن اے آئی کے ماڈل o1 سے حاصل کیے گئے تقریباً 5 ہزار جوابات منتخب کیے، انھیں GPT-4o mini کی مدد سے دوسری زبان میں منتقل کیا اور اس طرح دو زبانوں پر مشتمل تربیتی مواد کی 10 ہزار 750 مثالیں تیار کیں۔ بعد ازاں یہ مواد علی بابا کے Qwen2.5-72B ماڈل کی مزید تربیت کے لیے استعمال کیا گیا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں