سندھ کی زبردستی تقسیم ہوئی تو کراچی میں خون بہے گا، بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام ہرگز تقسیم نہیں چاہتے، زبردستی تقسیم ہوئی تو کراچی میں خونریزی ہوگی جس کا دائرہ حیدرآباد، میرپور خاص، ٹنڈوالہ یار، نوابشاہ تک پھیل سکتا ہے، نئے صوبوں کے لیے ریفرنڈم کی تجویز غیرآئینی ہے، جہاں عوام نہیں چاہتے وہاں بندوق کے زور پر صوبے نہیں بنائے جاسکتے۔

کراچی پریس کلب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سسٹم تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کرایا گیا، سسٹم اگر تباہ ہوا ہے تو اس کا علاج ری سیٹ میں ہے، سسٹم کو ری سیٹ کرنا پڑے گا مگر یہ سیاسی ری سیٹ ہوگا، سیاسی انتقام کی روایت کو ختم کرنا ہوگا، نیب کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کیا جاتا ہے، پاکستان میں کوئی بھی سیاسی قیدی نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں اتنے برے معاشی حالات کبھی نہیں دیکھے، سسٹم کو ری سیٹ کرنے کا آغاز پارلیمان سے کیا جانا چاہیے،حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپوزیشن کا پارلیمان پر اعتماد بحال کرے، اپوزیشن بھی پارلیمان کا حصہ بنے اور کمیٹیوں میں شامل ہو، لیکن اپوزیشن کی پارلیمانی نظام پر بد اعتمادی کی بھی وجوہات ہیں جس پر ہمیں سوچنا چاہیے۔

فضل الرحمان نے جو کردار پی ڈی ایم میں ادا کیا اس کے بغیر آپ کرسی پر نہیں ہوتے

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اپوزیشن کا کام ہی حکومت پر تنقید کرنا ہے، مولانا فضل الرحمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت پر تنقید کریں، اب وہ تنقید کیلئے جیسا بھی طریقہ اختیار کریں یہ ان کا حق ہے مگر آپ تقریر کے جواب میں نیب کو ان پر چھوڑ دیں گے؟ ان کے بیٹوں کو گرفتار کرنے لگ پڑیں گے اور اچانک ان کے گھر کی تجاوزات یاد آجائیں گی؟ یہی وجوہات ہیں جس سے سسٹم کولیپس ہوتا ہے، مولانا فضل الرحمان نے جو کردار پی ڈی ایم میں ادا کیا اس کے بغیر آپ کرسی پر نہیں ہوتے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سب سے پہلے اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ہوگا، پاکستان کے سیاست دان عوام کے مسائل کو بھول چکے ہیں، وہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کررہے ہیں لیکن عوام کے مسائل پر توجہ نہیں دے رہے، پاکستان کے حکمران پاکستان کے اصل مسائل پر بات کرنے کے لیے تیار نہیں، پاکستان کے حکمران ہر مسئلے پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں مگر اصل مسائل پر بات نہیں کرتے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جس تیزی سے مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے عوام کا گزارا کیسے ہوگا؟ حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ عوام کا بوجھ کم کریں، ملک میں آنے والے معاشی بحران اور آفت سے خوفزدہ ہوں، میں خوفزدہ ہوں کہ ان حالات میں پاکستان کا کیا ہوگا؟

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پسماندہ طبقے، سفید پوش طبقے، محنت کش طبقے کا گزارا کیسے ہوگا؟ جس تیزی سے مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے، لوگ بجلی کے بل سے خوفزدہ ہیں، لوگ سوچ میں ہیں کہ میں بچوں کی تعلیم کا بندوبست کروں یا دو وقت کی روٹی کا؟۔ لوگ اپنے بزرگوں کا علاج کروائیں یا دو وقت کی روٹی کھائیں؟

سندھ کی زبردستی تقسیم ہوئی تو کراچی میں خونریزی ہوگی، بلاول

نئے صوبوں کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی خواہشات اور آئین و قانون کے مطابق نئے صوبوں کے قیام کی حامی ہے، نئے صوبوں کا قیام پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے، مخالفت صرف اس بات کی ہے کہ عوام کی مرضی کے بغیر زبردستی صوبے تقسیم نہ کیے جائیں، سندھ کی زبردستی تقسیم سے کراچی کے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ شہر میں خونریزی اور بدامنی کے خدشات پیدا ہوں گے، ماضی میں کراچی میں بھائی کو بھائی سے لڑایا گیا اور قتل و غارت گری ہوئی ایسے حالات دوبارہ پیدا نہیں ہونے چاہئیں۔

سندھ کی تقسیم سے خون خرابہ حیدرآباد، میرپورخاص، ٹنڈوالہ یار، نوابشاہ تک پھیل سکتا ہے

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی زبردستی تقسیم سے معاشرے میں نئی خلیج اور نفرتیں جنم لیں گی، سندھ کی زبردستی تقسیم سے دشمنی بڑھے گی عام آدمی ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہوں گے، سندھ کی تقسیم کے نتیجے میں خون خرابہ صرف کراچی نہیں بلکہ حیدرآباد میرپورخاص ٹنڈوالہ یار اور نوابشاہ تک پھیل سکتا ہے، میں نہیں چاہتا کہ سندھ میں دوبارہ بھائی بھائی کا دشمن بنے اور خون خرابہ ہو، پیپلز پارٹی کسی صوبے کو زبردستی توڑنے کے خلاف ہے، عوام کی خواہشات کے مطابق آئینی اور قانونی طریقے سے نئے صوبوں کے قیام کے حق میں کل بھی تھے آج بھی ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے، ریفرنڈم آج تک غیر جمہوری مقاصد کے لیے کرائے گئے جمہوری عمل کے لیے نہیں، صوبے کے قیام یا تقسیم کے لیے آئین اور قانون میں طریقہ کار موجود ہے، اسی کے مطابق فیصلہ ہونا چاہیے۔

نئے صوبے کے لیے ریفرنڈم کی تجویز غیرآئینی اقدام ہے

ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کی تجویز دینا آئینی طریقہ کار سے ہٹنے کی بات ہے، پیپلز پارٹی غیر آئینی راستے کا ساتھ کیسے دے سکتی ہے؟ صوبائی اسمبلی کے اسپیکر ریفرنڈم کی بات کر رہے ہیں پہلے اپنی اسمبلی سے فیصلہ کروائیں پیپلز پارٹی اسمبلی کے فیصلے کے ساتھ ہوگی، ہم آئین قانون اور جمہوری طریقے سے ہر کام کرنے کے لیے تیار ہیں اور کسی بھی غیر آئینی اقدام کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، سندھ کی تقسیم کے معاملے پر صوبائی اسمبلی دس مرتبہ اپنا فیصلہ دے چکی ہے، سندھ کی تقسیم پر دوبارہ بحث صوبے کے عوام کے خلاف سازش اور ان کی توہین ہے، سندھ کے عوام اور اسمبلی اس معاملے پر اپنا فیصلہ دے چکے ہیں، اب مزید بحث کی گنجائش نہیں، محسن بھائی اگر واقعی نیا صوبہ بنانا چاہتے ہیں تو پیپلز پارٹی کے پاس ہر صوبے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ووٹ موجود ہیں۔

نئے صوبے بنانے ہیں تو آئینی و قانونی طریقہ اختیار کیوں نہیں کیا جا رہا؟

بلاول کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے اب تک مجھ سے کوئی بات چیت نہیں کی گئی، نئے صوبے بنانے ہیں تو آئینی، قانونی اور جمہوری طریقہ اختیار کیوں نہیں کیا جا رہا؟ اٹھارویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کا تعلق صوبوں کے وجود سے ہے، صوبے ختم ہوں گے تو ان کا کیا بنے گا؟ نایاب معدنیات پر اختیار صوبائی حکومتوں کے پاس ہے، تاہم عالمی سرمایہ کاری کے لیے وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، معدنی وسائل کے معاملے پر آئین کے مطابق وفاق اور صوبوں کے درمیان مل کر بات ہوسکتی ہے، اٹھارویں ترمیم 2010ء میں منظور ہوئی، 2026ء تک بھی کئی محکمے صوبوں کو منتقل نہیں کیے جاسکے، اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبوں کو ملنے والے مالی وسائل بھی تاحال مکمل طور پر منتقل نہیں ہوئے، سندھ اس سال وفاقی حکومت کے معاشی مسائل میں مدد کے لیے 585 ارب روپے سرپلس دے رہا ہے، وفاقی حکومت کو مالی معاونت دینے میں پنجاب سندھ سے بھی زیادہ حصہ ڈال رہا ہے۔

نئی صوبوں پر مجھ سے یا صدر زرداری کسی سے بات نہیں ہوئی

انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر نہ مجھ سے بات ہوئی ہے اور نہ صدرِ پاکستان سے اس لیے شکوک و شبہات پیدا ہو رہے ہیں، وزیراعظم کی کابینہ نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی فیصلہ نہیں کیا، وزیراعظم کو دعوت دی ہے کہ سندھ آئیں اور صوبائی حکومت کے ساتھ بیٹھ کر عوامی مسائل اور مشترکہ منصوبوں پر بات کریں، سندھ کی علیحدہ حیثیت کی تجویز ممبئی پریزیڈنسی کے دور میں سر شاہنواز بھٹو نے پیش کی تھی، کراچی کو دارالحکومت بنانے کا فیصلہ بھی ماضی میں زبردستی کیا گیا تھا، ون یونٹ کے قیام کے باوجود سندھ کے عوام نے مزاحمت اور جدوجہد جاری رکھی، قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1973ء کے آئین کے ذریعے سندھ اور بلوچستان سمیت تمام صوبوں کی حیثیت بحال کی۔

اپنی پارٹی کو سندھ کی تقسیم کا ووٹ دینے کا کہوں تو ارکان میری بات نہیں مانیں گے

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں نسل در نسل سیاست کرنے والا سیاستدان ہوں ایسا کوئی قدم نہیں اٹھاؤں گا جو عوام کی مرضی اور خواہشات کے خلاف ہو، میں ایسا فیصلہ کرنا چاہتا ہوں جس پر کل بھی عوام کے سامنے جاکر انتخابات لڑ سکوں، نئے صوبوں کی تجاویز دینے والے بعض افراد نے کبھی انتخابات نہیں جیتے ان کے سیاسی مستقبل کا انحصار عوامی ووٹ پر نہیں، میرا مؤقف عوام کی خواہشات اور انتخابی جواب دہی کے مطابق ہے دوسرے لوگ اپنے انداز میں بات کر رہے ہیں، سندھ کے عوام تقسیم نہیں چاہتے اس لیے پیپلز پارٹی اس معاملے میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے، اگر کل میرا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوجائے اور میں اپنی پارٹی کو سندھ کی تقسیم کے حق میں ووٹ دینے کی ہدایت بھی دوں تو ارکان کی اکثریت میری بات نہیں مانے گی۔ 

جہاں عوام نہیں چاہتے وہاں بندوق کے زور پر صوبہ نہیں بنایا جاسکتا

انہوں نے کہا کہ بعض لوگ ابھی سے اپنے علاقے کا وزیراعلیٰ بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں لیکن سندھ کی تقسیم کے بعد وہ اپنے گھر کے بھی وزیراعلیٰ نہیں بن سکیں گے، سندھ اسمبلی میں آج بیٹھے ارکان کے بزرگوں نے قراردادِ پاکستان کی حمایت کی تھی، اگر یہی لوگ آج سندھ کی تقسیم کی حمایت کریں گے تو آئندہ انتخابات میں عوام کے سامنے فیصلہ ہوجائے گا، پنجاب اسمبلی کل قرارداد منظور کرکے نئے صوبے کے قیام کا فیصلہ کرے تو پیپلز پارٹی اس کی حمایت کرے گی، بلوچستان میں بھی آئینی حقوق اور نئے صوبے کا مطالبہ موجود ہے، گلگت بلتستان میں صوبے کے قیام پر اتفاق رائے موجود ہے لیکن کسی وفاقی وزیر کی اس میں دلچسپی نظر نہیں آتی، جہاں عوام نئے صوبے چاہتے ہیں وہاں اتفاق رائے سے فیصلہ کیا جائے جہاں عوام نہیں چاہتے وہاں بندوق کے زور پر صوبہ نہیں بنایا جاسکتا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں