اڈیشہ: سمندری طوفان ’اکوان‘ کی تباہی سے قبل بڑے پیمانے پر تیاریاں، 50 ہزار افراد منتقل، 3 ہزار ریلیف شیلٹر قائم

اڈیشہ میں سمندری طوفان ’اکوان‘ کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر ریاستی حکومت نے راحت رسانی کی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی کے مطابق اب تک تقریباً 50 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ خدشہ ہے کہ طوفان آندھرا پردیش کے نرساپور اور پوری، اڈیشہ کے درمیان ساحل سے ٹکرا سکتا ہے۔ بدھ کے روز وزیر اعلیٰ نے افسران کے ساتھ اعلیٰ سطحی میٹنگ کر کے تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ سب سے زیادہ لوگوں کو گنجام ضلع سے منتقل کیا جائے گا۔ یہاں بڑے پیمانے پر راحت رسانی مہم چلائی جا رہی ہے۔ حکومت کی توجہ صرف ساحلی علاقوں تک محدود نہیں ہے، بلکہ پہاڑی اور میدانی علاقوں میں بھی لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ ماجھی نے کہا کہ حکومت کا مقصد زیرو کیزوئلٹی یعنی طوفان کے دوران کسی بھی شخص کی جان جانے نہیں دینا ہے۔ اس کے لیے ریاست میں 3 ہزار سمندری طوفان سے بچاؤ کے مراکز تیار کیے گئے ہیں۔ ان میں سے 448 مراکز پہلے ہی فعال کر دیے گئے ہیں۔ راحت رسانی کے کاموں کے لیے حکومت نے 15 اضلاع کو 20 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔ گنجام، گجپتی، کندھمال، رائے گڑھ، کوراپٹ اور ملکانگیری اضلاع کے کئی گاؤں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ محکمۂ موسمیات نے جمعرات اور جمعہ کے روز اڈیشہ کے 11 اضلاع میں شدید ترین بارش ہونے کی وارننگ جاری کی ہے۔ ان اضلاع میں ملکانگیری، کوراپٹ، رائے گڑھ، کالاہانڈی، گجپتی، گنجام، کندھمال، بودھ، پوری، نیاگڑھ اور خوردا شامل ہیں۔

وزیر اعلی کے مطابق اڈیشہ کے ساحلی علاقوں میں اوسط ہوا کی رفتار تقریباً 100 کلو میٹر فی گھنٹہ رہنے کا امکان ہے۔ جس کے پیش نظر نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ طوفان کے پیش نظر حکومت نے گنجام، گجپتی، پوری، جگت سنگھ پور، کیندرپاڑہ اور کندھمال اضلاع میں جمعرات سے 3 دنوں تک اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری ملازمین کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ حساس علاقوں میں سینئر افسران کو تعینات کیا گیا ہے، تاکہ ضرورت پڑنے پر راحت رسانی کے کاموں میں کوئی تاخیر نہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں :

غور طلب ہے کہ مغربی وسطی خلیج بنگال میں شدید سمندری طوفان اکوان سرگرم ہے۔ گزشتہ 6 گھنٹوں کے دوران یہ اوسطاً 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اس وقت یہ نرساپور سے 440 کلومیٹر، کلنگا پٹنم سے 440 کلومیٹر، چنئی سے 580 کلومیٹر، گوپال پور سے 530 کلومیٹر اور پوری سے 590 کلومیٹر دور موجود ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ آہستہ آہستہ ساحل کی جانب بڑھ رہا ہے اور کل دوپہر کے آس پاس گوپال پور کے قریب، نرساپور اور پوری کے درمیان ساحل سے ٹکرا سکتا ہے۔ سمندری طوفان کے اثر سے آج اور کل شمالی آندھرا کے اضلاع میں مختلف مقامات پر شدید بارش ہونے کا خدشہ ہے۔ بعض علاقوں میں آج درمیانی درجے کی بارش بھی ہو سکتی ہے۔ ساحلی علاقوں میں ہوا کی رفتار 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کا امکان ہے، جو کبھی کبھی 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ اس کے نتیجے میں درختوں کے اکھڑنے، بجلی کے تار ٹوٹنے اور معمولات زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اڈیشہ میں 50 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں