پٹنہ: بہار اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے قومی کارگزار صدر تیجسوی یادو نے جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) میں مبینہ اندرونی اختلافات کو لے کر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جے ڈی یو اب جنتا دل یونائیٹڈ نہیں بلکہ ’جنتا دل ڈیوائیڈیڈ‘ بن کر رہ گئی ہے۔ ان کے مطابق بی جے پی جے ڈی یو کو ختم کرنا چاہتی ہے اور پارٹی میں حالیہ واقعات اسی سمت پیش رفت کا حصہ ہیں۔
تیجسوی یادو نے جمعرات کو کہا کہ انتخابات سے قبل انہوں نے جو خدشات ظاہر کیے تھے، اب وہ حقیقت بنتے دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے پہلے ہی کہا تھا کہ نتیش کمار کو دوبارہ وزیر اعلیٰ نہیں بننے دیا جائے گا اور انتخابات کے بعد جے ڈی یو کو کمزور کرکے ختم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں جاری کھینچا تانی اور گروہ بندی اس کی واضح مثال ہے۔
تیجسوی نے الزام لگایا کہ جب نتیش کمار کی ذہنی حالت ایسی نہیں تھی کہ وہ سیاسی حالات کا درست فیصلہ کرسکیں، اس وقت سنجے جھا اور للن سنگھ جیسے رہنما اپنے ذاتی اور سیاسی مفادات کے لیے انہیں بی جے پی کے ساتھ لے گئے۔ ان کے مطابق ان رہنماؤں نے وزارت، اپنے خاندان کو سیاسی طور پر مستحکم کرنے، مرکزی حکومت میں عہدے، دہلی میں بڑے سرکاری بنگلے اور سکیورٹی جیسی سہولتوں کے لیے یہ راستہ اختیار کیا۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ان رہنماؤں کا اگلا سیاسی منصوبہ جے ڈی یو کو ہی ختم کرنا تھا۔ تیجسوی نے کہا کہ اگر نتیش کمار پوری طرح ہوش و حواس میں اور سیاسی فیصلے کرنے کی پوزیشن میں ہوتے تو وہ انڈیا اتحاد اور عظیم اتحاد کے ساتھ رہتے۔ ان کا الزام تھا کہ بعض رہنماؤں اور افسران نے اپنے مفادات اور تحقیقات سے بچنے کے لیے نتیش کمار کو بی جے پی کے حوالے کردیا۔
تیجسوی یادو نے نتیش کمار کے بیٹے نشانت کمار کو نائب وزیر اعلیٰ نہ بنائے جانے پر بھی سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ جب نتیش کمار وزیر اعلیٰ تھے تو بی جے پی کو نشانت کمار کو نائب وزیر اعلیٰ بنانا چاہیے تھا، لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے بھی ایسے لوگوں کو دیے گئے ہیں جو صرف اپنے مفادات حاصل کرنے میں مصروف ہیں۔
دوسری جانب، آر جے ڈی رہنما سنیل سنگھ کو مبینہ بدعنوانی کے ایک معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے پوچھ گچھ کے لیے طلب کیے جانے پر تیجسوی نے مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ای ڈی کا کام اب صرف اپوزیشن رہنماؤں کے پیچھے پڑے رہنا رہ گیا ہے۔
تیجسوی نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے ای ڈی، سی بی آئی اور انکم ٹیکس محکمے جیسے اداروں کو تباہ کردیا ہے۔ ان کے بقول یہ ادارے آزادانہ طور پر کام کرنے کے بجائے سیاسی ایجنڈے کے تحت کارروائیاں کررہے ہیں۔
انہوں نے وزیر اعظم مودی اور ان کی حکومت پر عوامی مینڈیٹ کی مبینہ چوری کو بچانے کے لیے کوششیں کرنے کا الزام بھی لگایا اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کا ذکر کرتے ہوئے مرکز کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ آخر میں انہوں نے اشوک چودھری کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ان پر لگے بڑے فراڈ کے الزامات کو بھی فراموش نہیں کیا جانا چاہیے۔