فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا میران شاہ کا دورہ، شہداء کو خراجِ تحسین

سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ، کے پی پولیس کی خدمات کی تعریف، دہشت گردی کا فیصلہ کن خاتمہ کیا جائے گا

November 20, 2026 · اہم خبریں

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا میران شاہ کا دورہ، شہداء کو خراجِ تحسین

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا میران شاہ کا دورہ، شہداء کو خراجِ تحسین

آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے اہم علاقے میران شاہ کا دورہ کیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھول رکھے اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو علاقے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری آپریشنز اور دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں سکیورٹی کامیابیوں کو مستحکم کرنے اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا احاطہ بھی کیا گیا۔

دورے کے دوران آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے تعینات افسران اور جوانوں سے خصوصی گفتگو کی اور ان کی اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ تیاری، عسکری مہارت اور وطن کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کی بھرپور تحسین کی۔ انہوں نے خیبر پختونخوا کی بہادر پولیس فورس کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کے پی پولیس کو ایک بہادر فرنٹ لائن فورس قرار دیا اور فتنۃ الخوارج کے خلاف ان کی استقامت اور قربانیوں پر فخر کا اظہار کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی تعاون اور ہم آہنگی کے ذریعے دہشت گردی کی لعنت کا فیصلہ کن انداز میں خاتمہ کیا جائے گا، اور خیبر پختونخوا میں بڑی مشکل سے حاصل کیے گئے امن و استحکام کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ قبل ازیں میران شاہ آمد پر کمانڈر پشاور کور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں