اتر پردیش: رام کے بعد اب رادھے رادھے کے سہارے بی جے پی…چندرکانت رائے

اتر پردیش میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اب رادھا کے نام کا سہارا لے کر انتخابی میدان میں اترنے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پارٹی کے پاس اپنی حکومت کی کارکردگی دکھانے کے لیے شاید کچھ خاص نہیں ہے۔ بی جے پی نے 1992-93 میں بھی اسی طرز پر مذہبی جذبات کو بھڑکا کر ملک کو فرقہ وارانہ جنون کی طرف دھکیل دیا تھا۔ درحقیقت، اتر پردیش اسمبلی انتخابات بی جے پی کے لیے محض ایک ریاستی انتخاب نہیں ہیں، بلکہ یہ 2029 کے لوک سبھا انتخابات میں دہلی کی اقتدار کی کرسی تک پہنچنے کا راستہ بھی ہیں۔

16 اور 17 نومبر کو متھرا میں منعقدہ اجلاس کو پارٹی نے غور و فکر اور مشاورت کا کیمپ قرار دیا تھا۔ اس میں بی جے پی کے قومی تنظیمی جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش، ریاست کے وزیر اعلیٰ، پارٹی کے ریاستی صدر اور قومی صدر نتن نوین نے شرکت کی۔ بعد ازاں نتن نوین نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو اس اجلاس میں ہونے والی گفتگو اور کیے گئے فیصلوں سے بھی آگاہ کیا۔ چونکہ جنوری میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کا امکان ہے، اس لیے اس اجلاس کو خاصی اہمیت حاصل تھی۔

اجلاس میں انتخابی تیاریوں، اتحادی جماعتوں کے ساتھ تال میل اور اپوزیشن کے الزامات کا مؤثر جواب دینے جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ریاستی صدر پنکج چودھری نے ’’رادھے رادھے، کمل کھلا دے‘‘ کا نعرہ لگایا۔ اس سے واضح اشارہ ملتا ہے کہ اس مرتبہ پارٹی کا انتخابی نعرہ یہی رہنے والا ہے۔ بی جے پی کی حکمت عملی میں متھرا میں عظیم الشان مندر کی تعمیر، یکساں سول کوڈ (یو سی سی) کا نفاذ، امن و قانون کی صورت حال اور ترقی جیسے موضوعات شامل ہیں۔

ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بی جے پی متھرا میں شری کرشن جنم بھومی اور اس سے وابستہ تنازع کو انتخابی کامیابی حاصل کرنے کا ذریعہ بنانے کے لیے بے تاب ہے۔ یہ تنازع متھرا کے کٹرا کیشو دیو احاطے میں واقع شری کرشن جنم بھومی مندر اور اس سے متصل شاہی عیدگاہ مسجد سے متعلق ہے۔ اس احاطے کی زمین اور موجودہ تعمیرات کو ہٹانے یا ان میں تبدیلی سے متعلق کئی مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔ متھرا میں اجلاس منعقد کرکے بی جے پی نے یہ اشارہ دینے کی کوشش کی ہے کہ شری کرشن جنم بھومی پر ایودھیا کے رام جنم بھومی مندر کی طرز پر ایک اور عظیم الشان مندر کی تعمیر کا وعدہ اس کی انتخابی مہم کا مرکزی موضوع ہوگا۔

اس نعرے اور کوشش کے پس منظر میں موجود سیاسی نفسیات کو سمجھنا ضروری ہے۔ ایودھیا تحریک کے دوران ہی بی جے پی نے ’’ایودھیا تو جھانکی ہے، کاشی متھرا باقی ہے‘‘ کا نعرہ لگایا تھا۔ یہ اس تحریک کے سب سے زیادہ مشہور اور فرقہ وارانہ جنون پیدا کرنے والے نعروں میں شمار ہوتا ہے۔ 6 دسمبر 1992 کو ایودھیا میں بابری مسجد شہید کر دی گئی تھی۔ یہ درست ہے کہ اپنی شبیہ بچانے کے لیے بی جے پی گزشتہ کئی برسوں سے اس نعرے کا کھلے عام استعمال نہیں کر رہی تھی، لیکن اب واضح ہے کہ پارٹی ایک مرتبہ پھر اسی نوعیت کے نعروں اور ہندوتوا تنظیموں کے درمیان مقبول مذہبی جذبات کی سیاست کا سہارا لینا چاہتی ہے۔

بالواسطہ طور پر ہی سہی، آر ایس ایس اور بی جے پی کی سرپرستی میں سرگرم ہندوتوا تنظیمیں کسی نہ کسی بہانے وارانسی کے گیان واپی مسجد اور کاشی وشوناتھ احاطے کے ساتھ ساتھ متھرا کے شاہی عیدگاہ اور شری کرشن جنم بھومی کے تنازعات کو اٹھاتی رہی ہیں۔ یاد رہے کہ بابری مسجد کی شہادت سے پہلے ہی اس نوعیت کے خطرات سامنے آنے لگے تھے۔ اسی وجہ سے 1992 میں اس وقت کی مرکزی حکومت نے مذہبی مقامات پر دعوؤں اور اس طرح کی تحریکوں کو روکنے کے لیے عبادت گاہوں سے متعلق خصوصی قانون 1991 (پلیسز آف ورشپ ایکٹ) منظور کیا تھا۔

اس قانون کے تحت 15 اگست 1947 کو موجود تمام مذہبی مقامات کی حیثیت برقرار رکھنے کا التزام کیا گیا ہے۔ صرف ایودھیا کے تنازع کو اس سے مستثنیٰ رکھا گیا تھا۔ اس کے باوجود گزشتہ ڈیڑھ سے دو برسوں کے دوران ہندوتوا تنظیموں نے متعدد مساجد کے نیچے مندر ہونے کے دعوے کیے ہیں۔ ان میں سے کئی معاملات میں عدالتی کارروائی بھی شروع ہو چکی ہے۔ ایسے معاملات میں سپریم کورٹ سے لے کر نچلی عدالتوں تک کا رویہ بھی سب کے سامنے ہے۔

اس کے باوجود بی جے پی کی بے چینی کو سمجھا جا سکتا ہے۔ انتخابی کمیشن کی جانب سے ایس آئی آر کے ذریعے ملک بھر میں بڑی تعداد میں ووٹروں کے نام حذف کیے جانے کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد، ایودھیا کے رام مندر میں چڑھاوے اور عطیات کے طور پر جمع ہونے والے کروڑوں روپے کی چوری، وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی نریندر مودی اور امت شاہ کے ساتھ مبینہ کشیدگی اور حالیہ ایم ایل سی انتخابات میں بی جے پی کی شکست جیسے عوامل پارٹی کے لیے چیلنج بنے ہوئے ہیں۔

یہی مایوسی ہے کہ اب یوگی آدتیہ ناتھ کی زبان بھی بدل گئی ہے۔ جب کانگریس اور دوسری اپوزیشن جماعتیں انتخابی کمیشن پر ووٹروں کے نام حذف کرنے کے الزامات ثبوتوں کے ساتھ لگا رہی تھیں تو بی جے پی اور اس کے حامی میڈیا ادارے ان کا مذاق اڑاتے تھے۔ لیکن نومبر کے دوسرے ہفتے میں ایک ٹی وی چینل کے پروگرام کے دوران خود یوگی آدتیہ ناتھ نے الزام لگایا کہ انتخابی کمیشن نے اتر پردیش کے 1.27 کروڑ ہندو ووٹروں کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کر دیے ہیں۔

انتخابی کمیشن نے یہ کہتے ہوئے اپنا دفاع کیا کہ وہ مذہب اور ذات کی بنیاد پر اعداد و شمار جمع نہیں کرتا۔ تاہم کمیشن نے 17 نومبر کو جاری کی گئی مسودہ فہرست میں مزید 18.84 لاکھ ووٹروں کے نام شامل کیے ہیں۔ ریاست میں اسپیشل سمری ریویژن (ایس ایس آر) کا عمل جاری ہے اور اس میں مزید لوگوں کے نام شامل کرانے کے لیے بی جے پی نے اپنی پوری طاقت جھونک دی ہے۔

آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسدالدین اویسی اور آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) کے سربراہ چندر شیکھر آزاد نے 2027 کے اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے لیے ’’سماجی پریورتن مورچہ‘‘ نامی اتحاد کا اعلان کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے ریاست کی تمام 403 اسمبلی نشستوں پر انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اویسی نے نگینہ سے رکن پارلیمنٹ چندر شیکھر آزاد کو اس اتحاد کی جانب سے وزارت اعلیٰ کا امیدوار بھی قرار دیا ہے۔

اویسی کی کوشش مسلمانوں اور چندر شیکھر آزاد کی کوشش دلتوں کو اپنی جانب راغب کرنے کی ہے۔ اتر پردیش میں ان دونوں برادریوں کے ووٹ مجموعی طور پر تقریباً 40 فیصد ہیں۔ لیکن ذرا ٹھہریے۔ اتر پردیش میں ان دونوں جماعتوں کی انتخابی تاریخ کے اعداد و شمار پر نظر ڈالنا بھی ضروری ہے۔ اویسی کی پارٹی نے 2022 کے اسمبلی انتخابات میں 100 نشستوں پر امیدوار کھڑے کیے تھے، لیکن اسے محض 0.43 فیصد ووٹ حاصل ہوئے تھے۔ لوک سبھا انتخابات میں پارٹی نے اتر پردیش میں کوئی امیدوار نہیں اتارا تھا۔

دوسری طرف چندر شیکھر آزاد اپنی پارٹی کے واحد رکن پارلیمنٹ ہیں۔ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں ان سمیت پارٹی کے چار امیدوار میدان میں تھے اور پارٹی کو 14.6 فیصد ووٹ حاصل ہوئے تھے۔ تاہم گزشتہ اسمبلی انتخابات میں اس کا ووٹ فیصد صرف 0.93 رہا تھا۔

ایسے انتخابی نتائج کے بعد اس اتحاد کے مبینہ تیسرے محاذ کی حیثیت اختیار کرنے کے دعوؤں پر سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں ہونا فطری ہے۔ اگرچہ اس سلسلے میں کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں، لیکن یہ بحث ضرور جاری ہے کہ اویسی اور چندر شیکھر آزاد کو بی جے پی کی جانب سے مالی مدد فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ اویسی مسلمانوں کے ووٹوں میں سماج وادی پارٹی کے لیے اور چندر شیکھر دلت ووٹوں میں کانگریس کے لیے نقصان کا باعث بنیں۔ بی جے پی کو امید ہے کہ اس حکمت عملی سے اسے فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

تاہم حقیقت یہ ہے کہ مسلمان جذبات میں بہہ کر نہیں بلکہ سیاسی حکمت عملی کے تحت ووٹ دیتے ہیں۔ ان کی ترجیحات میں بی جے پی کو شکست دینا سب سے اہم ہوتا ہے، کیونکہ مسلسل سب سے زیادہ نشانہ بھی اسی برادری کو بنایا جاتا رہا ہے۔ اس لیے ان کے اویسی کے جھانسے میں آنے کا امکان کم ہے۔

اسی طرح دلت برادری کے لوگ چندر شیکھر آزاد کے پارلیمانی حلقے نگینہ میں ان پر ذاتی بنیادوں پر بھروسہ ضرور کر سکتے ہیں، لیکن نگینہ سے باہر بھی ان کے نام پر اپنا ووٹ بی جے پی کی جھولی میں جانے دینا شاید ہی پسند کریں گے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں