بی جے پی اور آر ایس ایس غیر مہذب، لالچی، ذات پرست اور مردانہ بالادستی کے حامی: راہل گاندھی

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ دونوں تنظیمیں غیر مہذب، لالچی، ذات پرست اور مردانہ بالادستی کی حامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ہندوستان کی روحانی اور مذہبی روایات کی بالکل سمجھ نہیں ہے۔

راہل گاندھی نے اتوار کو بھگوان شیو اور دیوی پاروتی کی مشترکہ شکل ’اردھناریشور‘ کو ظاہر کرنے والے ایک مجسمے کی تصویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کرتے ہوئے یہ باتیں کہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی روحانی اور مذہبی روایات کو جتنا زیادہ گہرائی سے سمجھ رہے ہیں، یہ بات اتنی ہی واضح ہوتی جا رہی ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس ان روایات کی حقیقی روح سے ناواقف ہیں۔

لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ میں لکھا، ’’میں ہندوستانی روحانی اور مذہبی روایات کو جتنا گہرائی سے سمجھ رہا ہوں، یہ بات اتنی ہی واضح ہوتی جا رہی ہے۔ بی جے پی اور آر ایس ایس غیر مہذب، لالچی، ذات پرست اور مردانہ بالادستی کے حامی ہیں اور انہیں ہماری روحانی اور مذہبی روایات کی بالکل سمجھ نہیں ہے۔‘‘

راہل گاندھی نے اس موقع پر ایلِفینٹا کی غاروں میں موجود ایک مجسمے کی تصویر بھی شیئر کی، جس میں بھگوان شیو اور دیوی پاروتی کو اردھناریشور کی شکل میں دکھایا گیا ہے۔ ہندو مذہبی روایت میں اردھناریشور ایک ایسی دیوی شکل ہے جس میں شیو اور پاروتی ایک ہی جسم کے دو حصوں، یعنی نصف مرد اور نصف عورت کی صورت میں جلوہ گر ہوتے ہیں۔

اس تصور میں مرد اور عورت کے درمیان یکسانیت، تکمیل اور باہمی رشتے کی اہمیت کو ظاہر کیا گیا ہے۔ اس شکل میں جسم کا ایک حصہ بھگوان شیو اور دوسرا حصہ دیوی پاروتی کی نمائندگی کرتا ہے۔ یہ تصور اس بات کی علامت سمجھا جاتا ہے کہ مرد اور عورت ایک دوسرے سے الگ نہیں بلکہ ایک دوسرے کی تکمیل کرتے ہیں۔

راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ میں اس سے پہلے بھی بی جے پی اور آر ایس ایس پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک سچے ہندو کی حیثیت سے یہ ان کا فرض ہے کہ وہ ان لوگوں کو اس جال سے آزاد کرائیں، تاکہ وہ بھی اپنی زندگی میں محبت، اپنائیت اور باہمی تعلق کی خوب صورتی اور مسرت کا تجربہ کر سکیں۔

انہوں نے اپنی بات کا اختتام سنسکرت کے معروف جملے ’’ستیہَم شِوَم سندرم‘‘ کے ساتھ کیا۔ اس کا مفہوم ہے کہ سچائی ہی شیو ہے اور شیو ہی خوب صورتی ہے۔ راہل گاندھی کے اس بیان کو بی جے پی اور آر ایس ایس کی نظریاتی سوچ پر ان کی تازہ تنقید کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں