لاہور میں محسن نقوی کی سابق وزیراعظم سے ملاقات
چوہدری شجاعت نے نئے صوبے بنانے کی حمایت کردی
سابق وزیراعظم اور ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت نے نئے صوبے بنانے کی حمایت کردی۔انہوں نے کہا ہے کہ آج درست سمت میں قدم نہ اٹھایا تو مستقبل ہمیں معاف نہیں کرے گا
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لاہور میں چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کی ہے۔اس موقع پر ملک کی مجموعی صورتحال اور امن و امان کےحکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس دوران وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین اورصوبائی وزیر صنعت چودھری شافع حسین بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق ،محسن نقوی اور چوہدری شجاعت کی ملاقات میں اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر چوہدری شجاعت کا کہناتھاکہ نئے صوبوں کے قیام کا تعلق براہِ راست عوام کی سہولت، بہتر طرزِ حکمرانی، انتظامی کارکردگی اور ملکی مستقبل سے ہے۔ انتظامی یونٹس کو مضبوط اور بااختیار بنانا بھی ایک مؤثر راستہ ہو سکتا ہے۔
چوہدری شجاعت نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے سٹیک ہولڈرز پاکستان کے عام لوگ ہیں۔آج درست سمت میں قدم نہ اٹھایا تو مستقبل ہمیں معاف نہیں کرے گا۔
ملاقات میں محسن نقوی کا کہناتھاکہ عوام کی منشا کے مطابق تمام تر فیصلے کرنا وقت کا اولین تقاضا ہے ۔وزیر داخلہ نے چوہدری شجاعت کو بلوچستان اور کے پی کے میں انسداد دہشت گردی اور قیام امن کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا ۔