15 گھنٹے تک گنتی کی گئی ۔بڑی تعداد میں خطوط بھی ملے
فوٹو: ڈیلی اسٹار
بنگلہ دیشی ضلع کشور گنج کی ایک مسجد کے عطیات کے باکسز سے ریکارڈ 18.21 کروڑ ٹکا برآمد ہوئے ہیں۔ تقریباً 15 گھنٹے کی گنتی کے بعد حکام نے تصدیق کی کہ 18 کروڑ 21 لاکھ 69 ہزار517 ٹکا کے علاوہ غیر ملکی کرنسی اور سونے کے زیورات بھی ملےہیں۔
مسجد کے حکام کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ عطیات کے باکسز سے سونے کے چمچ اور پیالے بھی ملے ہیں۔ اس کے علاوہ خطوط کا تقریباً ایک بورا بھی برآمد کیا گیا۔
پچھلی بار عطیات جمع کرنے کے 4 ماہ اور 24 دن بعد 15 عطیات کے باکسز کھولے گئے۔ گنتی صبح 7 بجے کے قریب شروع کی گئی تھی۔ کشور گنج کی ڈپٹی کمشنر سہانہ نسرین نے بتایا کہ 2 باکسز کا اضافہ کیا گیا تھا جس سے کل تعداد 15 ہو گئی کیونکہ عطیات میں اضافہ ہو چکا تھا۔ تاہم عقیدت مندوں کی طرف سے چھوڑے گئے خطوط اور نوٹس باکسز میں جگہ گھیرتے رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ہم ہر بار لوگوں سے درخواست کرتے ہیں کہ عطیات کے باکسز میں خطوط نہ ڈالیں۔ یہ خطوط گنتی کے عمل میں خلل ڈالتے ہیں اور وقت ضائع کرتے ہیں۔
رواں سال 27 جون کو مسجد کے عطیات کے باکسز سے تقریباً16 کروڑ ٹکا برآمد ہوئے تھے۔
نقد رقم اور زیورات کے علاوہ عقیدت مند مسجد کو گائے، بکریاں، بطخیں اور مرغیاں سمیت قیمتی اشیاء بھی عطیہ کرتے ہیں۔