سری نگر/آل انڈیا میڈیکل اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (AIMSA) کی قیادت میں پوسٹ گریجویٹ (PG) ریذیڈنٹس ڈاکٹروں کے ایک وفد نے بدھ کے روز جموں کے سول سیکریٹریٹ میں وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو سے ملاقات کرکے اپنے دیرینہ مطالبات پیش کیے، جن میں پی جی طلبہ اور سینئر ریزیڈنٹس کے وظیفے میں اضافے کا مطالبہ سرفہرست رہا۔
تفصیلات کے مطابق، یہ ملاقات جموں و کشمیر بھر میں پی جی ڈاکٹروں اور سینئر ریزیڈنٹس کی جاری ہڑتال کے دوران ہوئی، جو 19 نومبر سے وظیفے میں اضافے، تنخواہوں میں برابری اور موجودہ معاوضے کے نظام پر نظرثانی کے مطالبات کو لے کر احتجاج پر ہیں۔
ملاقات کے دوران وفد نے موجودہ وظیفے کے نظام پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ساتویں پے کمیشن کی سفارشات اور ملک کی دیگر ریاستوں و ممتاز طبی اداروں میں رائج تنخواہوں کے نظام کے مطابق وظیفے میں خاطر خواہ اضافے کا مطالبہ کیا۔
ڈاکٹروں نے سینئر ریزیڈنٹس کے معاوضے میں اضافے، 20 فیصد نان پریکٹسنگ الاؤنس (NPA) کی فراہمی اور جموں و کشمیر کے تمام گورنمنٹ میڈیکل کالجوں اور ان سے منسلک اسپتالوں میں یکساں تنخواہی نظام نافذ کرنے کی بھی مانگ کی۔
واضح رہے کہ ڈاکٹروں کی یہ احتجاجی تحریک ابتدا میں میڈیکل کالجوں تک محدود تھی، تاہم رفتہ رفتہ دیگر طبی اداروں تک بھی پھیل گئی ہے۔ رہائشی ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ حکام کے سامنے بار بار مطالبات رکھنے کے باوجود تاحال ان کے مسائل حل نہیں کیے گئے ہیں۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments