محبوبہ مفتی کا شیش ناگ ٹریک منصوبے سے متعلق BRO کے ساتھ معاہدہ منسوخ کرنے کا مطالبہ، کہا شیش ناگ کوئی پکنک اسپاٹ نہیں

سرینگر/ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے جمعرات کو شیش ناگ ٹریک منصوبے کے لیے بارڈر روڈز آرگنائزیشن (BRO) کے ساتھ طے پائے مفاہمتی معاہدے (MoU) کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ماحولیاتی اعتبار سے حساس علاقے سے بھاری مشینری فوری طور پر ہٹانے پر زور دیا۔
سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت سے سوال کیا کہ مناسب ماحولیاتی اثرات کے جائزے (Environmental Impact Assessment) کے بغیر اس منصوبے کو آگے بڑھانے کی اجازت کیسے دی گئی؟ انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کی مداخلت سے شیش ناگ جھیل کے نازک ماحولیاتی نظام کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ نہ سیاسی ہے اور نہ ہی مذہبی بلکہ کشمیر کے ماحولیاتی وجود اور امرناتھ غار کی زیارت کرنے والے لاکھوں عقیدت مندوں کے مذہبی جذبات سے جڑا ہوا ہے۔
محبوبہ مفتی نے کہا، ’’یہ ہمارے لیے نہ کوئی سیاسی مسئلہ ہے اور نہ مذہبی، بلکہ یہ کشمیر کے وجود کا معاملہ ہے۔‘‘
ساڑھے تین ہزار میٹر سے زیادہ بلندی پر JCB مشین پہنچانے پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس علاقے کا نازک ماحولیاتی نظام اور گلیشیئر کا قدرتی نظام بھاری مشینری سے متاثر ہو سکتا ہے۔انہوں نے سوال کیا، ’’آپ وہاں ہاتھوں سے بھی کھدائی نہیں کر سکتے، کیونکہ گلیشیئر کا اپنا ایک نظام ہے۔ جب آپ اتنی بڑی JCB وہاں لے جا رہے ہیں تو کیا آپ کو اندازہ ہے کہ اس کا ماحول پر کیا اثر پڑے گا؟‘‘
شیش ناگ کو تفریحی مقام کے بجائے عقیدت کا مرکز قرار دیتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا، ’’یہ عقیدت کی جگہ ہے، کوئی پکنک اسپاٹ نہیں۔ اگر آپ اس کی جھیل اور ماحول کو تباہ کر دیں گے تو قدرتی نظام کیسے برقرار رہے گا؟‘‘انہوں نے اس بات پر بھی حیرت کا اظہار کیا کہ منتخب حکومت نے ماحولیاتی اثرات کا جائزہ لیے بغیر اس منصوبے کی اجازت کیسے دی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو کسی بھی قسم کی تعمیراتی سرگرمی کی منظوری دینے سے قبل اس کے ماحولیاتی اثرات کا جائزہ لینا چاہیے تھا۔
محبوبہ مفتی نے BRO کے ساتھ کیے گئے معاہدے کو منسوخ کرنے اور اس کی تفصیلات عوام کے سامنے لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت معاہدے کی شرائط کو عوامی سطح پر دستیاب بنائے۔انہوں نے سوال کیا، ’’BRO کے ساتھ کیے گئے معاہدے کو منسوخ کریں اور اسے عوام کے سامنے لائیں۔ لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ آپ نے کیا معاہدہ کیا ہے اور اس کی شرائط کیا ہیں؟‘‘
پی ڈی پی صدر نے ماحولیاتی ماہرین اور عوامی نمائندوں کے ہمراہ انہیں جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ وزیر کی جانب سے دورے کے بعد منصوبے کو مبینہ طور پر کلین چٹ دیے جانے پر بھی سوالات اٹھائے۔انہوں نے کہا، ’’اگر انہیں کچھ چھپانا نہیں ہے تو ہمیں وہاں جانے کی اجازت دی جائے۔ ماحولیاتی ماہرین اور دیگر افراد بھی ہمارے ساتھ ہوں۔ ہم خود دیکھنا چاہتے ہیں کہ وہاں کیا ہو رہا ہے اور JCB اتنی بلندی تک کیسے پہنچائی گئی۔‘‘
محبوبہ مفتی نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے اس معاملے میں مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ماحولیاتی ماہرین اور عوامی نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے۔ انہوں نے ماحولیاتی خدشات کا مکمل جائزہ لیے جانے تک بھاری مشینری ہٹانے اور کام معطل کرنے پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا، ’’جموں و کشمیر کو بچانا، شیو لنگ، امرناتھ یاترا اور شیش ناگ جھیل کو محفوظ رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔‘‘

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں