محمد تسکین
بانہال// وزیرِ اعلیٰ جموں و کشمیر عمر عبداللہ آج جمعرات کو ضلع رامبن کا دورہ کرکے ضلع میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں، اہم منصوبوں کی پیش رفت اور مختلف سرکاری سکیموں کے نفاذ کا جائزہ لیں گے۔
وزیرِ اعلیٰ جموں و کشمیر کے دفتر کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اطلاع کے مطابق، وزیرِ اعلیٰ اپنے دورے کے دوران 57 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے کے علاوہ متعدد نئے منصوبوں کا سنگِ بنیاد بھی رکھیں گے۔
یہ منصوبے سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے، تعلیم، سماجی بہبود، قبائلی امور اور شہری ترقی کے شعبوں سے متعلق ہیں، جن کا مقصد ضلع میں عوامی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ضروری شہری سہولیات اور خدمات کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ ضلع میں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار، اہم منصوبوں کی موجودہ صورتحال اور سرکاری سکیموں پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیں گے تاکہ ترقیاتی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنایا جاسکے۔
دورے کے دوران عمر عبداللہ عوامی وفود اور مقامی شہریوں سے بھی ملاقات کریں گے اور ان کے مسائل، شکایات، مطالبات اور ترقیاتی ضروریات کے بارے میں براہِ راست جانکاری حاصل کریں گے۔
وزیرِ اعلیٰ کا یہ دورہ ضلع رامبن میں ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے اور عوامی مسائل کو حکومتی سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments