بانڈی پورہ میں جعلی تعلیمی اسناد کے ذریعے نوکری حاصل کرنے کی کوشش، تین افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل

سری نگر/ کرائم برانچ جموں و کشمیر کے اکنامک آفنسز ونگ (EOW) کشمیر نے بانڈی پورہ میں جعلی تعلیمی اسناد کے ذریعے سرکاری ملازمت حاصل کرنے کے معاملے میں جعلسازی ثابت ہونے کے بعد تین ملزمان کے خلاف چیف جوڈیشل مجسٹریٹ بانڈی پورہ کی عدالت میں چارج شیٹ داخل کر دی ہے۔
جاری ایک بیان کے مطابق، کیس ایف آئی آر نمبر 62/2021 کے تحت تین ملزمان زاہد مجید میر ولد عبدالمجید میر ساکن کولوسہ بانڈی پورہ، اُلفت جان دختر متی اللہ خان ساکن بانڈی پورہ اور رقیہ اختر دختر بشیر احمد بھٹ ساکن بانڈی پورہ کے خلاف دفعات 420، 467، 468 اور 471 آر پی سی کے تحت چارج شیٹ پیش کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس معاملے میں بانڈی پورہ ضلع کے ان امیدواروں نے تحریری شکایت درج کرائی تھی جنہیں بھرتی کے عمل سے باہر رکھا گیا تھا۔ شکایت میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ مذکورہ تین امیدواروں نے محکمہ خوراک، شہری رسدات و امورِ صارفین بانڈی پورہ میں کلاس فور آسامیوں کے لیے جاری بھرتی کے دوران زیادہ نمبر ظاہر کرنے والی تبدیل شدہ یا اسکین شدہ تعلیمی اسناد جمع کرائی تھیں تاکہ غیر قانونی فائدہ حاصل کیا جا سکے۔ یہ بھرتی 21 اکتوبر 2017 کو جاری اشتہار نمبر 01 آف 2017 کے تحت شروع کی گئی تھی۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ زاہد مجید نے دسویں جماعت کے اصل 500 میں سے 359 نمبروں کو بڑھا کر 420 جبکہ بارہویں جماعت کے 500 میں سے 295 نمبروں کو بڑھا کر 393 ظاہر کیا تھا۔
اسی طرح اُلفت جان نے دسویں جماعت میں حاصل کردہ اصل 185 نمبروں کے بجائے 336 اور بارہویں جماعت میں اصل 750 میں سے 297 نمبروں کے بجائے 492 نمبر ظاہر کیے تھے۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ رقیہ اختر نے دسویں جماعت کے اصل 261 نمبروں کو بڑھا کر 405 ظاہر کیا، جبکہ ان کی جانب سے پیش کردہ بارہویں جماعت کی سند، جس میں 750 میں سے 629 نمبر درج تھے، جعلی پائی گئی۔ جے کے بورڈ آف اسکول ایجوکیشن (JKBOSE) نے تصدیق کی کہ مذکورہ امیدوار بارہویں جماعت کے امتحان میں شامل ہی نہیں ہوئی تھیں۔
بیان کے مطابق، فارنسک سائنس لیبارٹری (FSL) کی رپورٹ میں بھی دفعہ 467 آر پی سی کے تحت جعلسازی کی تصدیق ہوئی۔ تحقیقات کے دوران جمع کیے گئے شواہد کی بنیاد پر تینوں ملزمان کے خلاف دھوکہ دہی اور جعلسازی سمیت متعلقہ دفعات کے تحت جرائم ثابت ہونے پر چارج شیٹ مجاز عدالت میں پیش کر دی گئی ہے تاکہ معاملے کا عدالتی فیصلہ کیا جا سکے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں