آزاد کشمیر حکومت خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے اسمبلی کی حالیہ قرارداد کی روشنی میں ہر ممکن اقدام کرنے کو تیار ہے
راولاکوٹ احتجاج،وزیراعظم آزاد کشمیر نے مذاکرات کی پیشکش کردی،مسلح گروہوں سے لاتعلقی کی شرط
وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے راولاکوٹ میں احتجاج کرنے والوں کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ان کے مطالبات پر بات چیت کی پیشکش کردی، تاہم انہوں نے کہا ہے کہ مذاکرات کے لیے ضروری ہے کہ احتجاج میں شامل افراد مسلح گروہوں سے لاتعلقی اختیار کریں۔
مظفرآباد میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے اسمبلی کی حالیہ قرارداد کی روشنی میں ہر ممکن اقدام کرنے کو تیار ہے۔ آئین اور قانون کے دائرے میں آنے والے ہر مطالبے پر بات ہوسکتی ہے، لیکن مسلح گروہوں کو جگہ دینا امن کی کوششوں کے لیے نقصان دہ ہے۔
افتخار گیلانی نے کہا کہ بعض لوگ بظاہر مسلح گروہوں سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں، لیکن عملی طور پر انہیں جگہ فراہم کرتے رہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد محض اعلانات کرنا نہیں بلکہ منصوبوں کو عملی شکل دے کر عوام کو نتائج فراہم کرنا ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں دل کے مریضوں کے لیے کیتھ لیبز اور فالج کے علاج کے مراکز قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ سڑکوں کی بہتری، کشمیر ایکسپریس برقی بس سروس، نوجوانوں کے لیے روزگار اور خود روزگاری کے مواقع پیدا کرنے کے منصوبے بھی زیر غور ہیں۔
سو روزہ عملی منصوبہ
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے سو روزہ عملی منصوبے کے ساتھ پانچ سالہ حکمت عملی بھی تیار کی ہے، جس میں صحت، تعلیم، روزگار، سیاحت، ٹرانسپورٹ، ڈیجیٹل نظام حکومت اور شہری ترقی کو ترجیح دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سرکاری محکموں میں بھرتیاں میرٹ پر تیسرے فریق کے ذریعے کی جائیں گی، جبکہ نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے اور خود روزگاری کے لیے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ مستحق طلبہ کو نامور جامعات میں وظائف دینے، سرکاری ریسٹ ہاؤسز کو نجی شعبے کے اشتراک سے بہتر بنانے اور مقامی کاروبار کے لیے سہولیات فراہم کرنے کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
افتخار گیلانی کے مطابق سرکاری خدمات کو اے جے کے ون پورٹل کے ذریعے ڈیجیٹل بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو سرکاری دفاتر کے بار بار چکر نہ لگانے پڑیں۔ مستحق افراد کے لیے گھروں کی تعمیر کے قرضے، تمام 10 ضلعی ہیڈکوارٹرز میں صفائی کے نظام کی بہتری اور مظفرآباد کی خوبصورتی کے منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ سو دن حکومت کی کارکردگی جانچنے کا موقع ہوں گے۔ وزیراعظم نے سیاسی اختلافات کے باوجود باہمی احترام اور اخلاقی اقدار کو برقرار رکھنے پر بھی زور دیا۔
مذاکرات اور جمہوری عمل پر زور
اس موقع پر آزاد کشمیر اسمبلی کے اسپیکر چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ حکومت عوام کی خدمت، ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے قائم ہوئی ہے۔ انہوں نے پونچھ کے عوام کو اسمبلی کی خالی رہ جانے والی سات نشستوں پر انتخابات کے ذریعے نمائندگی کا حق دینے کا مطالبہ بھی کیا۔
وزیر توانائی و آبی وسائل ثاقب مجید راجا نے کہا کہ 2023 سے جاری بے چینی اور غیر یقینی صورتحال نے آزاد کشمیر کے انتظامی نظام، معیشت اور معمولات زندگی کو متاثر کیا ہے۔ ان کے مطابق عوامی مسائل کا پائیدار حل مذاکرات، جمہوری عمل اور منتخب نمائندوں کی مؤثر کارکردگی میں ہے، نہ کہ احتجاج، تصادم اور توڑ پھوڑ میں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ منتخب نمائندوں کو مسائل حل کرنے کا موقع دیں، تاہم اگر وہ توقعات پر پورا نہ اتریں تو آئندہ انتخابات میں انہیں مسترد کرنے کا اختیار عوام کے پاس موجود ہے۔