قاہرہ : آئل ٹینکر میں خوفناک آتشزدگی، 31 افراد جاں بحق، پاکستان کا اظہار افسوس


صدر عبدالفتاح السیسی، جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ اور برادر مصری عوام سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف


شائع

اپ ڈیٹ

فوٹو: رائٹرز
فوٹو: رائٹرز

مصر کے دارالحکومت قاہرہ کی مصروف رنگ روڈ پر پیٹرولیم مصنوعات سے بھری گاڑی الٹنے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 31 افراد جاں بحق جبکہ 21 زخمی ہوگئے۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس کیا ہے ۔

مصر میں تیز رفتاری، ٹریفک قوانین پر کمزور عمل درآمد اور سڑکوں کی خراب حالت کو ٹریفک حادثات کی اہم وجوہات میں شمار کیا جاتا ہے۔سرکاری ادارے سینٹرل ایجنسی فار پبلک موبلائزیشن اینڈ اسٹیٹسٹکس (CAPMAS) کے مطابق مصر میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 2025 میں 10.8 فیصد اضافے کے ساتھ 5 ہزار 829 ہوگئی جو 2024 میں 5 ہزار 260 تھی۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ قاہرہ کے علاقے گیزہ کی الوراق (Al-Warraq) ڈسٹرکٹ میں مرکزی رنگ روڈ پر پیش آیا جہاں پیٹرولیم مصنوعات سے بھری گاڑی ایک سرنگ کے اوپر الٹ گئی جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے کئی گاڑیاں اس کی لپیٹ میں آگئیں۔

مصر کی پبلک پراسیکیوشن کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں 27 گاڑیاں جل گئیں جن میں کاریں اور موٹر سائیکلیں بھی شامل ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں جانی نقصان اور املاک کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ لگانے کا عمل جاری ہے۔

مصر کی وزارت صحت کے مطابق امدادی کارروائیوں میں 39 ایمبولینسز نے حصہ لیا جبکہ جائے حادثہ پر امدادی ٹیموں اور سکیورٹی اہلکاروں نے متاثرہ علاقے کا جائزہ لیا۔

رائٹرز کےمطابق حادثے کے عینی شاہد علی یوسف نے بتایا کہ کئی گاڑیاں مکمل طور پر جل چکی تھیں اور ان کے اندر لوگ بھی موجود تھے جنہیں باہر نکلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ ان کے مطابق آگ نے گاڑیوں اور ان کے اندر موجود افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں جائے حادثہ سے دھوئیں کے گہرے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔

مصر کی پبلک پراسیکیوشن نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایسے افراد کی شناخت کے لیے ڈی این اے نمونے حاصل کرنے کا حکم دیا ہے جن کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔

حکام کے مطابق حادثے میں ہلاکتوں اور نقصان کی حتمی تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔

وزیر اعظم شہبازشریف کا اظہار افسوس

وزیراعظم شہباز شریف نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ صدر عبدالفتاح السیسی، جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ اور برادر مصری عوام سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کرتا ہوں۔ پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں مصر کے ساتھ کھڑا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں