English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

انٹرا پارٹی الیکشن ٗ فاروق ستار سربراہ منتخب ٗ آج بہادر آباد جانے کا اعلا ن

کامران ٹیسوری اور علی رضا عابدی رابطہ کمیٹی کے ارکان طیب حسین ٗ سلیم بندھانی اور نازیہ علی سینٹرل ایگز یکٹو کمیٹی کے ارکان منتخب ہوگئے ٗ کامران اختر فرحت خان اور عظیم فاروقی بھی کامیاب
ایم کیو ایم نے نئے سفر کا آغاز کردیا ٗ کارکنوں نے پارٹی میں وڈیرہ شاہی کا خاتمہ کردیا ٗ ٹھنڈی لسی لے کر بہادر آباد جائیں گے ٗ فاروق ستار کا خطاب ٗ کامران ٹیسوری نے خالد مقبول کو ان کے مقابلے میں الیکشن کا چیلنج دیدیا
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ پاکستان کے انٹرا پارٹی الیکشن میں ڈاکٹر فاروق ستار سب سے زیادہ ساڑھے9ہزار ووٹ لے کر سربراہ منتخب ہوگئے۔ مجموعی طور پر12ہزار سے زائد ووٹ کاسٹ ہوئے۔ رابطہ کمیٹی کیلئے کامران ٹیسوری‘ علی رضا عابدی سمیت دیگر جبکہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کیلئے طیب حسین‘ سلیم بندھانی‘ نازیہ علی بھی منتخب ہوگئی ہیں۔ کامران اختر‘ فرحت خان اور عظیم فاروقی بھی کامیاب قرار پائے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نئی رابطہ کمیٹی اورسی ای سی کا اجلاس آج فاروق ستار کی رہائش گاہ پر طلب کرلیا گیا ہے۔ اجلاس میں آج بہادر آباد جانے کے اعلان پر بات چیت ہوگی۔ اجلاس میں فاروق ستار کو کنوینر منتخب کیا جائیگا۔ دوسری جانب انٹرا پارٹی الیکشن کے نتائج آج الیکشن کمیشن کو بھیجے جائینگے۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ٹھنڈی لسی لے کر آج بہادر آباد جائینگے۔ قبل ازیں متحدہ پی آئی بی گروپ کی جانب سے اتوار کو کراچی اور حیدر آباد میں انٹرا پارٹی الیکشن میں رابطہ کمیٹی کیلئے45 اور سینٹرل ایگزیکٹو کونسل( سی ای سی) کیلئے51 امیدواروں نے حصہ لیا۔ رابطہ کمیٹی کیلئے ڈاکٹر فاروق ستار ‘عبدالوسیم ‘خواجہ سہیل‘ منصور ‘کامران ٹیسوری‘ قمر منصور ‘محمد مزمل قریشی ‘علی رضا عابدی‘ سید شاہد پاشا اور دیگر جبکہ سینٹرل ایگزیکٹو کونسل (سی ای سی) کیلئے احسن غوری‘ شاہد احمد خان‘ سلیم بندھانی‘ کامران اختر‘ سیف الدین خالد‘ جمال احمد‘ زعیر احمد اور دیگر شامل تھے۔ فاروق ستار نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ اس موقع پر خطاب میں فاروق ستار نے کہا کہ کارکنوں نے آج تاریخ رقم کردی۔ اب ایم کیو ایم نے نئے سفر کا آغاز کیا ہے۔ خالد مقبول صدیقی نے درست کہا تھا کہ ایم کیو ایم میں تقسیم کا نہیں بلکہ تطہیر کا عمل ہورہا ہے۔ اگر کارکنان ہیں تو آئین ہے۔اگر کارکنان نہیں تو آئین بھی نہیں‘ کارکنان کے بغیر صرف وڈیرہ شاہی ہے۔ کارکنوں نے پارٹی میں ودیرہ شاہی کے خاتمے کا فیصلہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی بی اسٹیڈیم میں کرنٹ ہے اور بہادر آباد میں شارٹ سرکٹ اورکنڈہ ہے۔ علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بہادر آباد گروپ میں بہت سارے سربراہ ہیں فیصلہ ہوگیا جو اصل سربراہ ہوگا وہی پارٹی چلائے گا۔ ایم کیو ایم پاکستان کا سربراہ میں تھا اور میں ہی ہوں۔ دوسری جانب نجی ٹی وی سے گفتگو میں کامران ٹیسوری نے خالد مقبول صدیقی کو چیلنج کیا ہے کہ خالد مقبول صدیقی پارٹی یا عام الیکشن لڑلیں۔ میں ہارا تو سیاست چھوڑ دوں گا۔ خالد مقبول صدیقی سے حیدر آباد کی عوام کا مینڈیٹ فاروق ستار نے واپس لے لیا۔ مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق ایم کیوا یم پاکستان ڈسٹرکٹ حیدر آباد کے ترجمان نے کہا ہے کہ انٹرا پارٹی انتخابات الیکشن کمیشن کے قوانین اور متحدہ پاکستان کے آئین کے مطابق ہوئے۔ الیکشن میں حیدر آباد کے علاوہ ٹنڈو الہ یار‘ میر پور خاص‘ سانگھڑ‘ نواب شاہ‘ لاڑکانہ‘ جام شورو اور اندرون سندھ کے دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے ہزاروں کارکنان نے ووٹ ڈالا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے