سری نگر/جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتہ کے روز کہا کہ جموں و کشمیر کابینہ میں ردوبدل اور توسیع اگلے ہفتے عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے ساتھ مشاورت کے بعد وزراء کی فہرست کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سری نگر کے لوک بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے درخواست کی ہے کہ وہ اگلے ہفتے کے ابتدائی دو سے تین دنوں کے دوران وزراء کی کونسل میں توسیع اور ردوبدل کے لیے وقت مقرر کریں۔
وزیر اعلیٰ نے اپنی پارٹی کے ساتھیوں اور وزارت کے خواہش مند رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ وزارتی عہدوں کے حصول کے لیے لابنگ بند کریں، کیونکہ اس سلسلے میں فیصلہ پہلے ہی لیا جا چکا ہے۔
عمر عبداللہ نے سعودی عرب میں پھنسے عمرہ زائرین کے معاملے پر کہا کہ حکومت اس مسئلے کو وزارتِ خارجہ کے ساتھ اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت پڑنے پر حکومت اپنے بجٹ سے بھی متاثرہ زائرین کو مالی امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
دندان سازی کے شعبے کو منظم کرنے کے اختیارات سے متعلق سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس معاملے میں قواعدِ کار کا جائزہ لینا ضروری ہے تاکہ یہ طے کیا جا سکے کہ متعلقہ اختیار مرکزی حکومت کے دائرہ کار میں آتا ہے یا منتخب حکومت کے تحت ہے۔
چین کی سرحد سے متعلق مسائل پر بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ یہ معاملہ حکومتِ ہند اور لداخ انتظامیہ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments