انڈر ورلڈ ڈان کی انٹرپول کے ذریعے واپسی کے بعد پنجاب کی اہم سیاسی شخصیات کی نیندیں اڑ گئیں
پاکستان میں عابد باکسر کا اہم نیٹ ورک موجود ہے ٗ جس میں کئی بدمعاش اور رسہ گیروں کے نام شامل ہیں ٗ ذرائع
کراچی(کرائم ڈیسک) انڈرورلڈ ڈان عابد باکسر کی انٹرپول کے ذریعے وطن واپسی کے بعد پنجاب کی اہم سیاسی شخصیات کی نیندیں اڑگئیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق عابد باکسر کو دبئی سے کراچی منتقل کردیا گیا ہے جس سے تفتیش میں سابق شہید وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ پر ہونے والے خودکش حملے کے مبینہ ماسٹر مائنڈ کو جعلی پولیس مقابلوں میں مارے جانے کے ساتھ ساتھ پنجاب میں سیاسی شخصیات سے مراسم کے حوالے سے بھی اہم انکشافات کی توقع ہے اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں انڈرورلڈ ڈان عابد باکسر کا ایک منظم نیٹ ورک موجود ہے اور اس کے قریب ساتھیوں میں کئی بدمعاش رسہ گیروں کے نام شامل ہیں جو کہ بیرون ملک مختلف مقامات پر اس کی رہائش اور دیگر اخراجات برداشت کرتے تھے اور یہ کافی عرصے سے دبئی میں بیٹھ کر پاکستان میں جرائم پیشہ افراد کا منظم نیٹ ورک چلارہا تھا، جعلی پولیس مقابلوں میں اپنے سرپرستوں کے مخالفین کو ٹحکانے لگانے کا کام کرنے کے ساتھ ساتھ انسپکٹر عابد باکسر نے شوبز انڈسٹری پر بھی اپنی دھاک جمائی۔ جس کی وجہ سے کئی شوبز انڈسٹری کی شخصیات اس کے گروپ میں شامل ہوگئیں جبکہ کئی شخصیات نے بیرون ملک اور دوسرے صوبوں کی جانب ہجرت کی اور انڈسٹری تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی۔ 2002 میں عابد باکسر کے خلاف تھانہ جوہر ٹائون لاہور میں معروف ڈانسر نرگس پر وحشیانہ تشدد کا مقدمہ بھی درج کیاگیا تھا۔

