English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عمران خان کا کوئی چانس نہیں ہے شہباز شریف کو عوام قبول کرلے گی، پرویز مشرف

ڈان لیکس میں مریم اور پرویز رشید ملوث ہیں
ان دونوں کے خلاف تحقیقات ہونی چاہئیں
موجودہ حکمران لٹیرے ہیں جیل میں جائیں گے
میاں صاحب نے ملک کو تباہی کی طرف دھکیل دیا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق صدر پرویز مشرف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کس بنیاد پر اپنا موازنہ مجھ سے اور ایوب خان سے کرتے ہیں، ہمارے ادوار میں پاکستان آسمان کو چُھو رہا تھا جبکہ میاں صاحب نے ملک کو تباہی کی طرف دھکیل دیا ہے۔ پرویز مشرف نے ان خیالات کا اظہار ٹی وی پروگرام میں دورانِ گفتگو کیا۔ انہوں نے کہاکہ ڈان لیکس کے ذریعے نواز شریف نے قومی راز فاش کیا ہے اس میں پرویز رشید اور مریم نواز بھی ملوث ہیں اس کی تحقیقات ہونی چاہیے، انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک بڑا اور اہم ایٹمی ملک ہے اس کا وزیراعظم بچکانہ ذہنیت کا نہیں ہونا چاہیے۔ یو این او، امریکا، روس اور چین جیسے ملکوں میں جاکر مریم نواز کیا کریں گی، انہوں نے کہاکہ عمران خان کا فی الحال کوئی چانس نہیں اس کی مقبولیت میں کمی واقع ہوئی ہے، شہباز شریف کو عوام قبول کرلیں گے لیکن کیا وہ مقدمات سے بچ سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمران لٹیرے ہیں عدالت انہیں سزا دے گی اور یہ جیل جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ جب بھی کوئی نیا آرمی چیف آتا ہے تو وہ پوری دیانتداری سے وزیراعظم کے ساتھ تعاون کرتا ہے لیکن نواز شریف کے خمیر میں کوئی خامی ہے کہ وہ کچھ ہی عرصے بعد اس آرمی چیف سے محاذ آرائی کرنے لگتے ہیں، نواز شریف نے جہانگیر کرامت کو ہٹایا تھا لیکن مجھ میں ایسی بے عزتی برداشت کرنے کی صلاحیت نہیں تھی اور پھر وہ سب کچھ ہوگیا جس کا سب کو علم ہے۔ انہوں نے کہاکہ راجیو گاندھی پاکستان آیا تو ایسا لگا جیسے بے نظیر کا بھائی ان سے ملنے آگیا ہو، وہ کشمیر سے متعلق بورڈز چھپاتی پھر رہی تھیں، بے نظیر کی کرپشن کا فوج کو علم تھا انہوں نے غلط آدمی کو اپنا شوہر بنایا۔ پرویز مشرف نے کہاکہ بے نظیر کبھی بھی آرمی میں مقبول نہیں رہیں، کوئی اچھا وزیراعظم ہوتا تو وہ بھارتی پنجاب میں سکھوں کی تحریک سے فائدہ اٹھاتا، بھارت نے مشرقی پاکستان میں ایسے ہی موقع سے فائدہ اٹھایا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے