English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

شادی پرپراناجوڑا پہننے اورمیک اپ خود کرنے پر نیمل خاور کے سوشل میڈیا پر چرچے

القمر

نامور پاکستانی اداکارہ اورحمزہ علی عباسی کی اہلیہ نیمل خاور نے اپنی شادی پر روایتی دلہنوں کے برعکس پرانا جوڑا پہن کر اور شادی کا میک اپ خود کرکے سادگی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔

اداکارہ نیمل خاور نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر اپنی شادی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنی شادی پر نیا جوڑا خریدنے کے بجائے  تھوڑی سی تراش خراش کے بعد اپنی والدہ کے نکاح کا جوڑا زیب تن کیا تھا۔ نیمل نے کہا وہ لمحہ جب مجھے احساس ہوا کہ میری شادی ہونے جارہی ہے اسی وقت سے میں اپنی والدہ کا نکاح کا جوڑا اپنی شادی میں پہننا چاہتی تھی، مجھے ہمیشہ سے پرانا دور اور اس زمانے کے عروسی جوڑوں کی نزاکت پسند تھی۔

نیمل نے بتایا کہ جب آپ اپنی شادی پر اپنی والدہ کے نکاح کاجوڑا پہنتے ہیں تو آپ کے ساتھ جذبات جڑجاتے ہیں۔ شادی پر اپنی والدہ کے نکاح کا جوڑا پہننا ان کا بہترین فیصلہ تھا۔

نیمل نے مزید لکھا کہ انہوں نے اپنی شادی پر روایتی دلہنوں کے برعکس پارلر میں جاکر مہنگا میک اپ کروانے کے بجائےاپنا میک اپ بھی خود ہی کیاتھا اور بال بھی خود ہی بنالیے تھے کیونکہ وہ اپنی شادی کے دن بھاری میک اپ کے بجائے سادہ نظر آنا چاہتی تھیں۔

نیمل کے مطابق ایک لڑکی کی شادی کا دن اس کی زندگی کا سب سے خوشی کا دن ہوتا ہے ضروری نہیں ہے کہ آپ بھاری زیورات پہنیں، بلکہ آپ کا سکون اور خوشی اہم چیز ہے۔ اور سب سے ضروری چیز یہ ہے کہ آپ اپنی شادی کے دن کا بھرپور لطف لےسکیں۔

نیمل خاور کی اس پوسٹ کو سوشل میڈیا پر بے حد سراہا جارہا ہے اور لوگ ان کی سادگی اورسوچ کی تعریف کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ نیمل خاور اور حمزہ علی عباسی 25 اگست کو شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور 26 اگست کو دونوں کے ولیمے کی تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور، گلوکار عاطف اسلم سمیت متعدد شخصیات نے شرکت کی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے