٭آئی ایس پی آر نے یوم دفاع پرپرومو ریلیز کردیا٭
6 ستمبر کو تقریب دن کے وقت ہو گی‘صرف شہدا ء کے لواحقین اور غازی شریک ہوں گے
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ یادگار شہدا پر حاضری دیں گے اور پھول چڑھائیں گے
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) آئی ایس پی آر نے یوم دفاع پرپرومو ریلیز کردیا ۔یوم دفاع کی تقریبات ’’کشمیر بنے گا پاکستان اورآئیں چلیں شہید کے گھر‘‘ سے منسوب کر دی گئیں۔ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ امسال بھی یوم دفاع قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا اور شہدا کے لواحقین کو عظیم قربانی پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ہر شہید کے گھر پہنچا جائے گا۔ شہدا کے اہل خانہ کو یہ احساس دلایا جائے گا کہ ان کے پیاروں نے مادر وطن کے لیے قربانی دی، قوم اور پاک فوج اسے ہمیشہ یاد رکھے گی۔پاک فوج کے پرومو میں مسلح افواج کے شہدا کیساتھ ملک کے دو شہید وزراء اعظم لیاقت علی خان اور بے نظیر بھٹو کی تصاویر بھی شامل کی گئی ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے یوم دفاع کے حوالے سے پرومو بھی جاری کر دیا ہے۔ پرومو میں شہیدوں کو شاندار انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔ نامور گلوکار راحت فتح علی خان کی خوبصورت آواز میں پرومو فلمایا گیا ہے۔میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ عوام سے درخواست ہے شہیدوں کے لواحقین سے ملیں، شکریہ ادا کریں،عظیم قومیں اپنے شہیدوں کو یاد رکھتی ہیں۔ یوم دفاع و شہدا کی مناسبت سے تقریب امسال سے دن کے وقت ہو گی جس میں صرف شہدا کے لواحقین اور غازی شریک ہوں گے۔ یوم دفاع کی مناسبت سے چھاؤنیوں میں ہتھیاروں کی نمائش ہو گی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ یادگار شہدا پر حاضریں دیں گے اور پھول چڑھائیں گے۔
’’کشمیر بنے گا پاکستان اورآئیں چلیں شہید کے گھر‘‘ میجر جنرل آصف غفور
القمر

