واشنگٹن (نیٹ نیوز) طاقتور ترین امریکی صدر کی محفوظ ترین رہائش گاہ وائٹ ہائوس میں ایک چوہا گھس گیا اور عملے کو تگنی کا ناچ نچا دیا۔ وائٹ ہائوس میں معمول کی پریس بریفنگ کے لیے صحافی بریفنگ روم میں جمع تھے کہ ہال میں اس وقت ہلچل مچ گئی جب ایک چوہا کمرے کی چھت پر لگی سیلنگ سے مقامی ٹی وی چینل کے نمائندے پیٹر الیگزینڈر کی گود میں آگرا، جس کے بعد چوہا دوڑتا ہوا ایک شیلف کے پیچھے تاروں میں چھپ گیا۔ چوہے کو دیکھ کر کچھ صحافی تو ڈر کر پیچھے ہٹ گئے جبکہ باقی اس کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے لگے جبکہ دیگر عملہ اسے بھگانے اور پکڑنے میں لگ گیا۔ وائٹ ہائوس میں ہونے والے اس دلچسپ واقعہ کے بعد سوشل میڈیا پر خوب چرچے رہے۔

