نظام حیدرآباد کی پونے 7 ارب کی رقم پر وارثین اور بھارت کا حق ہے، عدالتی فیصلہ
کراچی (نیوز ڈیسک) برطانوی عدالت نے ریاست حیدرآباد دکن کے ساتویں نظام میر عثمان علی خان کی جانب سے پاکستانی ہائی کمشنر کے اکائونٹ میں جمع کروائی گئی رقم پر پاکستان کا دعویٰ مسترد کردیا، پاکستان بھارت سے مقدمہ ہار گیا۔ یہ رقم اس وقت پونے سات ارب روپے ہے۔ عدالت نے فیصلہ دیا ہے کہ 71 برس قبل جو رقم جمع کروائی گئی تھی اس پر نظام کے وارثین مکرم جاہ، مفرخ جاہ اور انڈیا کا حق ہے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ نے اس فیصلے کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ فیصلے میں رقم کی منتقلی کے تاریخی پس منظر کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔ بیان کے مطابق انڈیا نے حیدرآباد کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے ساتھ شامل کیا تھا اور اسی وجہ سے نظام آف حیدرآباد نے اپنی ریاست اور عوام کو انڈین دراندازی سے تحفظ دینے کے لیے یہ اقدامات کیے۔ پاکستان کا یہ بھی کہنا ہے کہ تفصیلی فیصلے کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لینے کے بعد قانونی مشوروں کی روشنی میں آگے کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

