وادی اور جموں ریجن کے مسلم اکثریتی علاقوں میں فوجی محاصرے اور مواصلاتی پابندیوں کا 61 واں روز گزر گیا، کشمیری عوام کی مشکلات کم نہ ہوسکیں
کشمیری عوام مسلسل شدید خوف و ہراس کا شکار، بازار بند، سڑکوں پر ٹریفک معطل، دفاتر اور تعلیمی اداروں میں حاضری نہ ہونے کے برابر
سرینگر( مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں کاروبار تباہ‘ تاجروں کو اربوں روپے کا نقصان مقبوضہ کشمیر میں وادی اور جموں ریجن کے مسلم اکثریتی علاقوں میں فوجی محاصرے اور مواصلاتی پابندیوں کا آج62واں روز‘ کشمیری عوام کی مشکلات کم نہ ہوسکیں‘ بھارتی فوج نے مزید 12 سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کرلیا‘ گزشتہ 2 ماہ کے دوران کاروبار تباہ ہوگئے ہیں اور تاجروں کو ہونیوالے نقصانات5ہزار کروڑ سے بڑھ گئے ہیں دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں مظاہروں اور آزادی پسندوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے بھارتی پولیس کو رواں سال کے آخر تک جدید ٹیکنالوجی سے لیس50ڈرون طیارے فراہم کردیئے جائینگے۔ جموں و کشمیر کیلئے بڑی تعداد میں ڈرون طیاروں کی خریداری کی پہلے ہی منظوری دی جاچکی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ علاقے کے اطراف بڑی تعدادمیں تعینات بھارتی فوجیوں کی وجہ سے کشمیری عوام مسلسل شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں۔ اہم بازار بند اور سڑکوں پر ٹریفک معطل ہے۔ دفاتر اور تعلیمی ادارے اگرچہ کھلے ہونے کے باوجود حاضری صفر ہے۔ مواصلاتی پابندیوں کے باعث اسپتال بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور صحت کی مختلف اسکیموں کے تحت بہت سے معاملات کی کلیئرنس تاخیر کا شکار ہے۔

