وحید مراد اکیڈمی کا درجہ رکھتے تھے ‘ بشیر دانہ والا‘ سہیل کشمیری اور افتخار بیگ کا خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) برصغیر کے اکلوتے چاکلیٹی عالمی شہرت یافتہ اداکار وحید مراد کی 81 ویں سالگرہ گزشتہ شب وحیدی آرٹ پروڈکشن کے زیر اہتمام منائی گئی جس میں ان کی سالگرہ کا کیک چیئر مین سہیل کشمیری سمیت دیگر شخصیات نے کاٹا۔اس موقع فلمساز و چیئر مین وحیدی آرٹ پروڈکشن سہیل کشمیری نے خطاب کرتے ہوئے کہا وحید مراد کئی دہائیاں گزر جانے کے بعد بھی نئی نسل کے لئے اکیڈمی کا درجہ رکھتے ہیں۔فلمساز و تقسیم کار بشیر دانہ والا نے کہا وحید مراد کی سب سے زیادہ فلمیں ہمارے ادارے نے ریلیز کیں اور ہماری فلموں میں کام کیا وہ ایک نفیس انسان و پڑھے لکھے اداکار تھے ۔سنیئر ڈی او پی (عکاس) فیروز یوسف نے کہا وحید مراد کو زندگی کے آخری ایام میں یہ پذیرائی مل جاتی تو شاید وہ اتنے کم عمر میں دنیا سے نہیں جاتے۔رکن سندھ فلم سنسر بورڈ عمر خان نے کہا وحید مراد ہماری فلم انڈسٹری کو انمول ہیرا تھا جو وقت سے پہلے اس دنیا سے چلا گیا ان کی فلمیں آج بھی نئے آنے والے اداکاروں کے لئے تربیت کا ذریعہ بن رہی ہیں۔سینئر صحافی مرزا افتخار بیگ نے کہا ملکی فلم انڈسٹری کو استحکام دینے میں وحیدمراد کی اداکاری اور ذاتی فلموں نے اہم کردار ادا کیا۔ وہ ایک پڑھے لکھے اداکار تھے ۔

