English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جاپان: طاقتور ترین سمندری طوفان سے بڑے پیمانے پر تباہی

جاپان میں ملکی تاریخ کے سب سے طاقتور طوفان ‘ہیگی بس’ سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ طوفان سے 14 افراد ہلاک اور 99 زخمی ہوئے جبکہ ایک درجن سے زائد افراد تاحال لاپتا ہیں۔

ہفتے کی صبح آنے والے طوفان کے بعد امدادی کارروائیوں کے لیے فوج طلب کر لی گئی ہے جبکہ اب بھی کئی علاقوں میں لوگوں کی بڑی تعداد سیلاب زدہ علاقوں میں سے پھنسی ہوئی ہے۔ شہریوں کو محفوط مقامات پر منتقل کرنے کی امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ نے اتوار کی صبح بتایا کہ دار الحکومت ٹوکیو سمیت کئی شہروں میں سیلابی صورت حال کا سامنا ہے جبکہ ملک کے متعدد شہروں اور علاقوں سے بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

طوفانی بارشوں کے سبب کئی مقامات پر حفاظتی بند ٹوٹ گئے ہیں۔ دکانیں، فیکٹریاں اور ریل گاڑی کا نظام بند کر دیا گیا ہے جبکہ رگبی ورلڈ کپ کے میچز اور فارمولا-ون گراں پرکس ریس منسوخ کر دی گئی۔

طوفان کے باعث اب تک 1500 سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جبکہ 2 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہیں۔

حکومت کی جانب سے احتیاطی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ ساحلی علاقوں کے آٹھ لاکھ مکینوں کو محفوظ مقامات پرمنتنقل ہونے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

طوفان سے متعلق پیشگوئی کی جارہی ہے کہ یہ 1958 میں آنے والے طوفان سے بھی زیادہ طاقتور ہو سکتا ہے جس میں سیکڑوں افراد ہلاک اور لاپتہ ہوگئے تھے۔

اتوار کی صبح تک طوفان کی شدت میں کچھ کمی ریکارڈ کی گئی تاہم وسطیٰ جاپان کے شہر ناگانو میں دریا پر قائم بند ٹوٹ گیا جس سے پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہو گیا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق رہائشی علاقے میں داخل ہونے والی پانی سطح دوسری منزل تک بلند ہے۔

جاپانی فوج کے ہیلی کاپٹرز لوگوں کو بچانے کی غرض سے مصروف عمل ہیں۔

عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ ہیلی کاپٹرز سے مدد لینے کے لیے بالکونیوں یا چھتوں پر کھڑے ہوکر ہوا میں تولیہ لہرایں تاکہ ہیلی کاپٹرز آپ کی طرف متوجہ ہوسکے۔

ناگانو شہر کے ایک اہلکار نے یشوہیرو یاماگاچی نے ‘اے ایف پی’ کو بتایا کہ گزشتہ رات تک انہوں نے 427 گھروں کے 1417 مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ فوری طور پر یہ واضح نہیں کہ کل کتنے گھر طوفان سے متاثر ہوئے ہیں۔

طوفان ‘ہیگی بس’ جاپانی جزیرے ہونشو میں ہفتے کی صبح سات بجے آیا۔ طوفان کے وقت ہواؤں کی رفتار 134 میل فی گھنٹہ تھی۔

ہفتے کی رات تک طوفان نے زیادہ جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی تھیں لیکن اتوار کی صبح تک یہ تعداد بڑھ گئی۔

زیادہ تر اموات مٹی کے تودے گرنے اور گاڑیوں و مکانات کے پانی میں بہہ جانے کے سبب ہوئیں۔

اتوار کی صبح تک انسانی لاشوں کو مختلف بہتی گاڑیوں سے نکلا گیا جبکہ خلیج ٹوکیو میں ایک کشتی ڈوب گئی جس پر 10 افراد سوار تھے۔ چار کو لائف گارڈز نے بچالیا جبکہ باقی کی تلاش جاری ہے۔

نیشنل براڈ کاسٹرز کا کہنا ہے کہ طوفان سے 99 افراد زخمی ہوئے جبکہ ایک درجن سے زیادہ تاحال لاپتا ہیں۔

جاپان کے محکمہ موسمیات نے پہلے ہی شدید ترین بارش اور طوفان کی پیش گوئی کی تھی۔ محکمے کا کہنا تھا کہ جس شدت کا طوفان ٹوکیو کی جانب بڑھ رہا ہے اس کی پہلے کوئی مثال نہیں ملتی۔

ٹوکیو کے ایک رہائشی تاجیم توکوڈا کا کہنا ہے کہ ان کے گھر میں ان کے قد سے بھی اونچا پانی بھر گیا تھا جس کے سبب انہیں اور ان کے اہل خانہ کو ایک کشتی کے ذریعے بچایا گیا۔

ہفتے کو بارش اور طوفان کے باعث لوکل اور بلیٹ ٹرینوں کا نظام درہم برہم ہوگیا جبکہ بے شمار فلائٹس کو پرواز کی اجازت نہیں مل سکی ۔ سیکڑوں فلائٹس کو گراؤنڈ کر دیا گیا۔

تاہم اتوار کی صبح ٹرین سروس کسی حد تک بحال ہوگئی تاہم نظام سست روی کا شکار ہے جبکہ ملک کے صرف دو ائیرپورٹس پرسروس بحال ہوئی ہے لیکن زیادہ ترفلائٹس کو آج بھی پرواز کی اجازت نہیں مل سکی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے