ایف اے ٹی ایف کا پاکستان کو فروری 2020 تک گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ
پاکستان نے 27 میں سے 5 سفارشات پر مکمل طور پر عمل کیا ہے‘صدر ایف اے ٹی ایف
پیرس(مانیٹرنگ ڈیسک) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کو مزید بہتری کے لیے فروری 2020 تک کا وقت دے دیا جس سے بھارت کی پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کی تمام ناپاک کاوشیں اپنی موت آپ مر گئیں۔چین کی زیرصدارت پیرس میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا اجلاس ختم ہوگیا ہے جس کے بعد اجلاس میں کیے گئے اہم فیصلوں سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے صدر ایف اے ٹی ایف نے بتایا کہ منی لانڈرنگ سمیت دیگر معاملات پر پاکستان کی رفتار اور اقدامات کو دیکھتے ہوئے فروری 2020 تک گرے لسٹ میں ہی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔صدر ایف اے ٹی ایف نے بتایا کہ پاکستان نے 27 میں سے 5 سفارشات پر مکمل طور پر عمل کیا ہے جو کہ قابل ستائش ہے تاہم کچھ سفارشات پر جزوی کام ہوا ہے جس میں بہتری کی گنجائش ہے لیکن چند ایک سفارشات پر پر کوئی پیشرفت نہ ہونے پر تشویش ہے تاہم پاکستان کی نیک نیتی، اہداف کے حصول میں کوششیں اور عزائم کو دیکھتے ہوئے مزید وقت دیا۔

