English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

انڈونیشیا: صدر جوکو ویڈوڈو نے دوسری مدت کیلئے حلف اٹھا لیا

انڈونیشیا کے صدر جوکو ویڈوڈو نے انتخاب جیتنے کے بعد اتوار کے روز اپنی دوسری اور آخری پانچ سالہ مدت کیلئے حلف اُٹھا لیا ہے۔

صدر ویڈوڈو پہلی مرتبہ 2014 میں صدر منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے ملک میں جمہوری کلچر کو فروغ دینے اور کرپشن کے خاتمے کے وعدے پر یہ انتخاب لڑا تھا۔ 58 سالہ ویڈوڈو غریب گھرانے سے ابھر کر سیاست کے میدان میں آئے اور ترقی کرتے ہوئے منصب صدارت پر پہنچے۔

دوسری بار ان کی حلف برداری کے موقع پر دنیا کے سب سے زیادہ مسلمان اکثریت والے ملک انڈونیشیا کے دارالحکومت میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

صدر وڈوڈو اپنی انکساری اور سادگی کے حوالے سے بھی شہرت رکھتے ہیں اور پارلیمان میں ہونے والی حلف برداری کی تقریب بھی سادگی سے منعقد کی گئی۔

صدر وڈوڈو کے حریف امیدوار پرابووو سوبیانٹو انہیں دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دے رہے ہیں

صدر وڈوڈو کے حریف امیدوار پرابووو سوبیانٹو انہیں دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دے رہے ہیں

تقریب کیلئے جاتے ہوئے صدر وڈوڈو نے کچھ دیر کیلئے اپنی گاڑی سے اتر کر لوگوں سے ہاتھ ملائے۔

حلف برداری کے بعد اپنے خطاب میں وڈوڈو نے کہا کہ وہ ملک کو آزادی کے 100 برس مکمل ہونے پر 2045 تک انڈونیشیا کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تک 27 کروڑ کے لگ بھگ آبادی کے ملک میں غربت کا خاتمہ کر دیں گے، اور مجموعی قومی پیداوار کو 70 کھرب تک لے جائیں گے۔

انڈونیشیا دنیا کی بیس بڑی معیشتوں میں شامل ہے اور یہ جنوب مشرقی ایشیا کی سب سے بڑی معیشت ہے۔

وڈوڈو کی تقریب حلف برداری میں آسٹریلیا کے وزیر اعظم سکاٹ موریسن، چین کے نائب صدر وانگ چیشان اور امریکہ کے وزیر ٹرانسپورٹ ایلین چاؤ سمیت متعدد غیر ملکی اعلیٰ سرکاری عہدیداروں نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے