کرتارپور راہ داری کھولے جانے کے موقع پر افتتاحی تقریب میں شرکت کروں گا‘بھارتی اداکار
سنی دیول نے سوشل میڈیا پر اپنے حلقہ انتخاب کو جوڑنے والی کرتارپور راہداری کی تصاویر پوسٹ کی تھیں
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی اداکار اور بھارتی حکمران جماعت کے سیاستدان سنی دیول کرتار پور راہداری میں شرکت کے لیے پاکستان آ رہے ہیں۔بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق بی جے پی کے ایم پی سنی دیول کا کہنا ہے کہ کرتارپور راہ داری کھولے جانے کے موقع پر افتتاحی تقریب میں شریک کروں گا۔ پاکستان ان کا علاقہ اور ان کا گھر ہے اور اگر وہ وہاں نہیں جائیں گے تو اور کون جائے گا۔یاد رہے کہ ہفتہ نو نومبر کو منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے صرف سنی دیول ہی نہیں پہنچ رہے بلکہ بھارت کی کئی جانی مانی شخصیات بھی اس تقریب کا حصہ ہیں جن میں سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ بھی شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ بھارتی ریاست پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ اور وزراء ہردیپ پوری اور ہرسمرت کاؤر بادل بھی میں شرکت کے لیے پہنچ رہے ہیں۔بھارتی اداکار سنی دیول جو بی جے پی کے رکن ہیں۔ کچھ عرصہ قبل سنی دیول نے سوشل میڈیا پر اپنے حلقہ انتخاب گرداسپور سے گردوارہ دربار صاحب کو جوڑنے والی کرتارپور راہداری کی تصاویر بھی پوسٹ کی تھیں۔

