جگہ کے حصول کیلئے کوششیں جاری ہیں جہاں تاجر اپنا کاروبار جاری رکھ سکیں گے، میئر کراچی وسیم اختر
دکانیں مسمار کئے ہوئے ایک سال گزر گیا ہے، تاجر فاقہ کشی کا شکار ہیں، حکیم شاہ کی گفتگو
کراچی (نیوز ڈیسک) میئر کراچی وسیم اختر نے لائٹ ہائوس لنڈا بازار کے متاثرین کے لیے متبادل جگہیں فراہم کرنے کا عندیہ دے دیا ہے، منگل کو بات چیت کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہاکہ لائٹ ہائوس لنڈا بازار کے متاثرہ تاجروں کے لیے متبادل جگہ کے حصول کی کوششیں جاری ہیں اور جوں ہی متبادل جگہ کا بندوبست ہو جائے گا ان متاثرہ تاجروں کو اپنا کاروبار جاری رکھنے کے لیے جگہ فراہم کر دی جائے گی۔ لائٹ ہائوس لنڈا بازار میں قائم دکانیں سپریم کورٹ کے حکم پر مسمار کی گئی تھیں، متاثرین کا لائٹ ہائوس لنڈا بازار میں دوسرے دن بھی دھرنا جاری رہا۔ متاثرین کا کہنا تھا کہ ان کی دکانیں مسمار کیے ہوئے ایک سال گزر گیا، 300 سے زائد دکانداروں کو اب تک متبادل نہ مل سکا جس کی وجہ سے وہ فاقہ کشی پر مجبور ہو گئے ہیں۔ لائٹ ہائوس لنڈا بازار مارکیٹ کے صدر حکیم شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ متاثرہ تاجروں کو وعدے کے باوجود مسمار شدہ دکانوں کے متبادل جگہ نہ دینے پر تمام متاثرین میئر کے دفتر اور وزیراعلیٰ ہائوس کا گھیرائو کریں گے۔

