English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

راشد الغنوشی تیونسی پارلیمان کے اسپیکر منتخب

قاہرہ: قائم مقام اسپیکر پارلیمان عبدالفتاح مورو ایوان کے منتخب سربراہ راشد الغنوشی کو مبارک باد پیش کررہے ہیں‘ چھوٹی تصویر حلف برداری کی ہے
قاہرہ: قائم مقام اسپیکر پارلیمان عبدالفتاح مورو ایوان کے منتخب سربراہ راشد الغنوشی کو مبارک باد پیش کررہے ہیں‘ چھوٹی تصویر حلف برداری کی ہے

تیونس سٹی (انٹرنیشنل ڈیسک) تیونس کی مذہبی سیاسی جماعت النہضہ کے سربراہ راشد الغنوشی اکثریتی ووٹوں سے نئی پارلیمان کے اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق بدھ کے روز پارلیمان میں رائے شماری کے دوران انہوں نے 123 ووٹ حاصل کیے۔ النہضہ نے گزشتہ ماہ تیونس میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی تھیں، مگر 217 ارکان پر مشتمل پارلیمان میں اس کی نشستوں کی تعداد 52 رہی تھی۔ وہ اپنے اسپیکر اور وزیراعظم کے انتخاب کے لیے سادہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی۔ اب آج جمعہ تک النہضہ پارلیمان کی سب سے بڑی جماعت کی حیثیت سے اپنا وزیراعظم نامزد کرے گی اور وہ 2 ماہ میں نئی حکومت کی تشکیل کا پابند ہوگا۔ النہضہ نے اپنے رہنما راشد الغنوشی کے بہ طوراسپیکر انتخاب سے قبل پارلیمان میں 2 چھوٹی جماعتوں حرکت الشعب اور جماعت التیار سے مخلوط حکومت بنانے کے لیے بات چیت کی تھی، اور اب وہ ان دونوں جماعتوں سے باضابطہ مذاکرات کرے گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ صدارتی انتخابات کے دوسرے اور حتمی مرحلے میں بھی خوش آیند صورت حال دیکھنے میں آئی تھی۔ اس دوران قانون کے ریٹائرڈ پروفیسر قیس سعید اپنے حریف کاروباری شخصیت نبیل القروی کو واضح اکثریت سے شکست دے کر صدر منتخب ہوگئے تھے۔ قیس سعید نے 72.53 فی صد ووٹ حاصل کیے۔ پروفیسر قیس سعید نے اپنی صدارتی مہم میں کوئی زیادہ خرچہ نہیں کیا، لیکن انہیں بائیں بازو اور اسلام پسندوں دونوں کی حمایت حاصل تھی۔وہ اپنے حریف کے مقابلے میں صدر کے عہدے کے لیے ایک مختلف نقطہ نظر کے حامل ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ تیونس براہِ راست جمہوریت کا تجربہ کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے