
سکرامنٹو (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی ریاست کیلی فورنیا کے بڑے شہر لاس اینجلس کے نواحی علاقے سانتا کلاریٹا کے ایک اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں 2 طلبہ ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق 16 سالہ نوجوان نے اپنی سالگرہ کے موقع پر اسکول میں گولیاں چلا دیں، جس سے 16 سالہ لڑکی اور 14 برس کا ایک لڑکا اسپتال میں دوران علاج جانبر نہ ہو سکے۔ پولیس کے مطابق مشتبہ شخص کو شناخت کرلیا گیا ہے جس کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ ہلاک اور زخمی ہونے والے طلبہ کے والدین کو واقعے سے متعلق فوری اطلاع دی گئی۔ فائرنگ کرنے والا مشتبہ نوجوان بھی اسپتال میں زیر علاج ہے جہاں اس کی والدہ اس کے ساتھ موجود ہے۔ فائرنگ کے حوالے سے جاری کی گئی وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوان نے 45 کیلبر کا نیم خودکار پستول نکالا اور فائرنگ کردی، جس سے 6 افراد موقع پر زخمی ہوئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ساگس ہائی اسکول میں فائرنگ کا واقعہ صبح 7 بج کر 38 منٹ پر کلاس شروع ہونے سے پہلے پیش آیا جب طلبہ برآمدے میں ٹہل رہے تھے۔ فائرنگ کے بعد علاقے کے تمام اسکول بند کرا دیے گئے تھے۔ طلبہ پر گولیاں چلانے کے بعد حملہ آور نوجوان نے اپنے سر میں گولی مار کر خود کو بھی ہلاک کرنے کی کوشش کی۔ ڈاکٹرز کے مطابق فائرنگ کرنے والے نوجوان کے بچنے کی امید کم ہے۔ تفتیش کرنے والے پولیس اہل کار کا کہنا ہے کہ تاحال فائرنگ کے محرکات کا پتا نہیں چل سکا تاہم انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ بظاہر اس بات کا امکان نہیں ہے کہ طالب علم نے کی گروپ کی ہدایت پر ایسا کیا ہو۔ واقعے اور ملزم کی نشاندہی کے بعد پولیس نے حملہ آور کے گھر کی تلاشی لی اور شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ واضح رہے کہ امریکا میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جس کے باعث شہریوں اور ارکان پارلیمان کی جانب سے حکومت پر اسلحہ پر پابندی کے لیے دباؤ بڑھتا جا رہا ہے تاہم حکومت اس حوالے سے خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔
