English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایران میں عوامی احتجاج نے ٹماٹر کی پاکستان آمد دشوار بنادی

ملک میں ٹماٹر کے بحران سے سوات میں تاجروں نے سونے کے بھائو سمجھ کر ٹماٹر فروخت کئے اور مہنگے داموں ملک بھر میں سپلائی کیا
ٹماٹر کا بحران دسمبر تک جاری رہے گا، اب تک ایران سے 989 میٹرک ٹن ٹماٹر ہی آسکا ہے، سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی
کراچی (کامرس ڈیسک) ایران میں پیٹرول کی قیمت پر مظاہروں نے پاکستان آنے والے ٹماٹر کی ترسیل دشوار بنا دی، پاکستان میں ٹماٹر کی قلت کے پیش نظر حکومت نے ایران سے مجموعی طور پر 4500 میٹرک ٹن ٹماٹر درآمد کرنے کی اجازت دی تھی جس میں سے اب تک ایران سے 989 میٹرک ٹن ٹماٹر ہی آسکا ہے۔ پاکستان بھر میں ڈیمانڈ زیادہ ہونے کی وجہ سے ایران سے ٹماٹر کی درآمد کے باوجود مقامی مارکیٹوں میں ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی نہیں آسکی ہے اور اتوار کو دن بھر اور پیر کی صبح خوردہ سبزی مارکیٹوں میں ٹماٹر 320 روپے سے 350 روپے فی کلو میں فروخت ہوا۔ ایران میں پیٹرول قیمتیں بڑھنے پر عوامی احتجاج جاری ہے اور احتجاج جاری رہنے کی صورت میں ٹماٹر کی پاکستان آمد میں تاخیر کا خدشہ ہے جبکہ ملک میں ٹماٹر کے بحران سے سوات میں ٹماٹر کے تاجروں نے سونے کے بھائو سمجھ کر ٹماٹر کی فروخت کی اور ملک بھر میں مہنگے داموں ٹماٹر سپلائی کیا لیکن اب سوات میں بھی ٹماٹر کا اسٹاک ختم ہوتا جارہا ہے اسی طرح بلوچستان میں بھی ٹماٹر کا اسٹاک ختم ہونے کے درپے ہے۔ سپلائی کم ہونے اور ڈیمانڈ زیادہ ہونے کی وجہ سے ٹماٹر کی قیمتیں کم نہیں ہو رہیں۔ سبزی اور فروٹس کے تاجروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملک میں ٹماٹر کا بحران آئندہ ماہ دسمبر تک جاری رہے گا۔ اس ضمن میں سرپرست اعلیٰ پاکستان فروٹس اور ویجیٹیبل امپورٹرز ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی وحید احمد نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ اس وقت ایران سے ٹماٹر کی آمد جاری ہے لیکن اس کی رفتار کم ہے کیونکہ ایران میں پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے لوگ مظاہرے کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ٹماٹر کی آمد میں تاخیر ہو رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے