لندن ہاروے اسٹریٹ کلینک میں نواز شریف کے علاج کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے، آج چیک اپ کیا جائے گا
لاہور سے روانگی کے بعد دوحہ میں دو گھنٹے قیام کیا گیا جہاں طیارے کی ری فیولنگ بھی کی گئی، لندن ایئرپورٹ پر بھی معائنہ کیا گیا
لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) میاں نواز شریف قطر ایئرویز کی ایئر ایمیولینس اے 7، ایم ای ڈی کے ذریعے لندن پہنچے۔ اس سے قبل انہوں نے دوحہ میں ڈیڑھ گھنٹہ قیام کیا جہاں طیارے کی ری فیولنگ کی جبکہ سابق وزیراعظم کا رائل ٹرمینل لاؤنج میں طبی معائنہ بھی کیا گیا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اللہ تعالی کی رحمت اور قوم کی دعاؤں سے قائد محمد نواز شریف بحفاظت لندن پہنچ گئے ہیں۔ اللہ تعالی کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتے ہیں کہ سفر کے دوران کوئی طبی پیچیدگی نہیں ہوئی۔ ان کا برطانیہ میں معالجین معائنہ کریں گے۔ قوم کی دعاؤں پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ان سے اپیل ہے کہ دعاؤں کا یہ سلسلہ جاری رکھیں۔
دوحہ پہنچنے پر قطری امیر نے نواز شریف کو ریسیو کرنے کیلئے ذاتی چیف آف پروٹوکول کو طیارے میں بھیجا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں صحافی مرتضیٰ علی شاہ نے بتایا کہ دوحہ پہنچنے پر قطر کے امیر شیخ تمیم الثانی نے نواز شریف کو ریسیو کرنے اور انہیں طیارے کی ری فیولنگ اور طبی عملے کی تبدیلی کے دوران رائل ٹرمینل لاؤنج تک لانے کے لیے ذاتی چیف آف پروٹوکول کو بھجوایا۔خیال رہے کہ قطر سے آنے والی ایئر ایمبولینس میں لاہور سے علاج کے لیے لندن روانہ ہونے والے سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئے۔ان کے ہمراہ ان کے بھائی میاں شہباز شریف اور معالج ڈاکٹر عدنان سمیت 7 افراد ہیں۔میاں نواز شریف کے معالج ڈاکٹرعدنان کے مطابق دوحہ میں ایئر ایمبولینس میں ری فیولنگ ہو گی، جبکہ فضائی اور طبی عملہ بھی تبدیل ہو گا، جس کے کچھ دیر بعد ایئر ایمبولینس لندن کے لیے روانہ ہو جائے گی۔

