English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سگ گذیدگی کے بڑھتے واقعات سندھ اسمبلی میں احتجاجی پوسٹر لہرادیئے گئے

پی ٹی آئی کے ارکان کا زبردست احتجاج اور نعرے بازی 10 ماہ میں ایک لاکھ 86 ہزار افراد کو کتوں نے کاٹ لیا ، فردوس شمیم نقوی
اپوزیشن لیڈر کی تقریر پر پی پی ارکان کا احتجاج، شرجیل میمن فردوس شمیم کو بولنے نہیں دے رہے، حلیم عادل کا الزام
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیر کو سندھ کے مختلف علاقوں میں سگ گزیدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر اپوزیشن کی جانب سے سخت احتجاج کیا گیا، پی ٹی آئی کے ارکان نے اس معاملے پر ایوان میں احتجاجی پوسٹر لہرا دیے اور نعرے بازی کی۔ ایوان کی کارروائی کے دوران قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے اپنے ایک نکتہ اعتراض پر اس امر کی نشاندہی کی کہ کراچی سے لے کر لاڑکانہ تک 10 ماہ میں ایک لاکھ 86 ہزار 579 افراد کو کتوں نے کاٹا ہے، افسوس کی بات ہے سندھ حکومت نے کوئی بیان نہیں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ میں بچے حسنین کو کتوں نے کاٹ لیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی نے ایوان میں پوسٹر لہرا دیے جن پر ’’شرم کرو حیا کرو، ویکسین دو‘‘ کے نعرے درج تھے۔ اپوزیشن لیڈر کی تقریر پر پیپلز پارٹی ارکان نے احتجاج کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے رکن حلیم عادل شیخ نے کہاکہ شرجیل میمن اپوزیشن لیڈر کو بولنے نہیں دے رہے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی ارکان نے ایوان میں سخت نعرے بازی شروع کردی جس پر ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس 19 نومبر تک ملتوی کردیا۔ دریں اثناء سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے سندھ میں سگ گزیدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت میں اگر کوئی اہلیت ہے تو وہ عوام کو کتوں سے چھٹکارا دلا کر دکھائے ورنہ ہم سندھ کو کتوں سے نجات دلا کر دکھائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے