English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

برازیل نے چوتھی مرتبہ17 سال سے کم عمر کھلاڑیوں کا عالمی کپ جیت لیا

القمر

سید پرویز قیصر
برازیل نے میکسیکو کو ایک کے مقابلے دو گول سے شکست دیکر چوتھی مرتبہ 17 سال سے کم عمر کھلاڑیوں کا عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ جیتا۔ اس نے اس سے پہلے1997،1999اور 2003میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
برازیل میں26 اکتوبر سے17 نومبر تک ہوئے اس ٹورنامنٹ میں24 ٹیموں نے شرکت کی تھی۔ تین شہروں نے چار اسٹیڈیمز میں 52 میچ کھیلے گئے تھے۔ شریک 24 ٹیموں کو چھ گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ہر گروپ سے پہلی دو پوریشن حاصل کرنے والی بارہ ٹیمیں اور تیسرے مقام پر رہنے والی چار سب سے اچھی ٹیموں نے پیری کوارٹر فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔
جنوبی کوریا نے انگولا کو1-0 سے، میکسیکو نے جاپان کو2-0 سے، ہالینڈ نے نائیجریا کو3-1 سے، پیرا گوائے نے ارجن ٹینا کو3-2 سے، اسپین نے سینی گال کو2-1 سے، فرانس نے آسڑیلیا کو4-0 سے، اٹلی نے ایکواڈور کو1-0 سے اور برازیل نے چلی کو3-2 سے شکست دیکر کوارٹر فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔
کوارٹر فائنل میں میکسیکو نے جنوبی کوریا کو1-0 سے شکست دی اور پانچویں مرتبہ سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔ہالینڈ نے پیراگوائے کو4-1 سے شکست دیکردوسری مرتبہ آخری چار ٹیموں میں جگہ بنائی۔ فرانس نے اسپین کے خلاف6-1 سے کامیابی حاصل کی اوردوسری مرتبہ سیمی فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ برازیل نے نویں مرتبہ سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔ اس نے اٹلی کو2-0 سے شکست دیکر ایسا کیا تھا۔
دونوں سیمی فائنل ایک ہی دن کھیلے گئے تھے۔ پہلے سیمی فائنل میں میکسیکونے ہالینڈ کو پنالٹی شوٹ آوٹ میں شکست دی اور چوتھی مرتبہ فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ مقررہ وقت میں دونوں ٹیمیں1–1 سے برابر تھیں۔ پنالٹی شوٹ آوٹ میںمیکسیکو نے4-3 سے کامیابی حاصل کی۔
دوسرے سیمی فائنل میں میزبان برازیل نے فرانس کو3-2 سے شکست دیکر چھٹی مرتبہ فائنل میں جگہ بنائی۔فائنل میں اس نے13,843 تماشائیوں کی موجودگی میں میکسیکو کو ایک کے مقابلے دو گول سے شکست دیکر چوتھی مرتبہ چمپئین ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
برازیل نے پہلی مرتبہ1997 میں 17 سال سے کم عمر کھلاڑیوں کا عالمی کپ ٖفٹ بال ٹورنامنٹ جیتا تھا۔ تب اس نے فائنل میں گھانہ کو2–1 سے شکست دی تھی۔1999 میں اس نے آسڑیلیا کو سڈن ڈیتھ پنالٹی شوٹ آوٹ میں8–7 سے شکست دیکر دوسری مرتبہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔ مقررہ وقت اور فاضل وقت میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی تھی۔تیسری مرتبہ برازیل نے 2003 میں ایسا کیا تھا۔ اس نے فائنل میںاسپین کو 1–0 سے شکست دی تھی۔
تیسرے مقام کے لئے ہوئے میچ میں فرانس نے ہالینڈ کے خلاف3–1 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ فرانس نے پہلی مرتبہ تیسرا مقام حاصل کیا ہے۔ اس نے2001 خطاب اپنے نام کیا تھا ۔تب اس نے نائیجریا کو 3–0 سے ہرایا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے