عمر الیاس نے قرآن پاک کو آگ لگانے والے شخص پر پولیس کی موجودگی میں حملہ کردیا
سوشل میڈیا پر امت مسلمہ عمر الیاس کو قرآن کا محافظ قرار دے رہی ہے
کراچی (نیٹ نیوز) ناروے میں مسلمان نوجوان نے قرآن پاک نذر آتش کرنے والے ملعون پر حملہ کرکے دنیا بھر کے مسلمانوں میں جذبہ ایمانی کو بیدار کر دیا۔ محمد الیاس نامی مسلمان نوجوان کے جذبے کو پوری دنیا میں سراہا جارہا ہے۔ ناروے میں ایک جانب قرآن پاک کی شہادت کی مذموم حرکت پر پوری دنیا کے مسلمانوں میں اشتعال پایا جاتا ہے وہیں دوسری جانب گستاخ لیڈر کو روکنے والے مسلمان نوجوان الیاس کو ہیرو قرار دیا جارہا ہے۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے مذموم حرکت کو روکنے والے نوجوان الیاس کو خراج تحسین پیش کیا ہے، انہوں نے کہاکہ اس بہادری پر نوجوان کو سلام۔ اپنے ذاتی ٹوئٹر اکائونٹ سے ٹوئٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اسلام فوبیا پر مبنی اس طرح کی اشتعال انگیزی صرف نفرت اور انتہا پسندی کو فروغ دیتی ہے۔ اسلامو فوبیا عالمی امن اور ہم آہنگی کے لیے خطرہ ہے، تمام مذاہب کا یکساں احترام کیا جانا چاہیے۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر پوری مسلم امہ کی جانب سے الیاس کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔ ٹوئٹر پر الیاس کو ہیرو آف اسلام ڈیفنڈر آف قرآن پاک جیسے ٹائٹل سے نوازا گیا اور یہ ٹرینڈ بنے رہے۔ ناروے پولیس نے مذموم حرکت کرنے والے لیڈر اور اسے روکنے والے مسلم نوجوان الیاس کو حراست میں لیا تھا تاہم الیاس کا تعلق کون سے ملک سے ہے اس بارے میں اب تک معلومات سامنے نہیں آسکی ہیں۔

