اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عاصم سلیم باجوہ کو حکومت میں بڑا عہدہ دینے کا فیصلہ، اسٹیبلیشمنٹ ڈویژن نے سابق ڈی جی آئی ایس پی آر کو چیئرمین سی پیک اتھارٹی تعینات کرنے کی سمری منظوری کیلئے وزیراعظم کو بھجوا دی۔ تفصیلات کے مطابق سابق ڈی جی آئی ایس پی آر، سابق کمانڈر سدرن اور حال ہی میں پاک فوج سے ریٹائر ہونے والے میجر جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کو حکومت میں بڑا عہدہ دینے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق سابق ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم سلیم باجوہ کی خدمات حکومت کیلئے حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عاصم سلیم باجوہ کوچیئرمین سی پیک اتھارٹی تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے اسٹیبلیشمنٹ ڈویژن نے باقاعدہ سمری تیار کی ہے جسے منظوری کیلئے وزیراعظم کو بھیج دیا گیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کی باقاعدہ منظوری کے بعد ہی عاصم سلیم باجوہ کوچیئرمین سی پیک اتھارٹی تعینات کرنے کا نوٹیفیکشن جاری کیا جائے گا۔مزید بتایا گیا ہے کہ عاصم سلیم باجوہ سابق آرمی چیف راحیل شریف کے دور میں پاک فوج کے ترجمان کے عہدے پر براجمان تھے۔ راحیل شریف کے دور میں عاصم سلیم باجوہ نے آرمی چیف کیساتھ مل کر سی پیک منصوبے کو حقیقت میں بدلنے میں اہم ترین کردار ادا کیا تھا۔ سی پیک منصوبے کے حوالے سے معلومات اور تجربہ ہونے کے باعث ہی عاصم سلیم باجوہ کو سی پیک اتھارٹی کا سربراہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عاصم سلیم باجوہ کی تعیناتی کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جلد جاری کر دئیے جانے کا امکان ہے۔ یہاں یہ بات واضح رہے کہ عاصم سلیم باوجودہ کمانڈر سدرن تعینات تھے اور حال ہی میں انہوں نے پاک فوج سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔

