English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایک اور بحران الیکشن کمیشن 7 دسمبر کو غیر فعال ہو جائیگا

القمر

 

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سربراہ جسٹس (ر) سردار رضا خان 6دسمبر کو ریٹائر ہو جائیں گے ،نئے سربراہ کی تعیناتی نہ کی گئی تو 7دسمبر کو الیکشن کمیشن غیر فعال ہو جائے گا اور ایک اور نیا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے ۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر)سردار رضا خان نے کمیشن کے نئے سربراہ کی تعیناتی کے لیے سیکرٹری پارلیمانی امور کو خط لکھ دیاہے۔ پارلیمانی امور کے ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے سیکرٹری پارلیمانی امورکے نام خط میں لکھا ہے کہ حکومت نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لیے اقدامات کرے۔وزارت پارلیمانی امورکے ذرائع نے چیف الیکشن کمشنر کا خط موصول ہونے کی تصدیق کی ہے ۔یاد رہے کہ جسٹس (ر)سردار رضا نے 6دسمبر 2014ء کو عہدہ سنبھالا تھا، ان کی مدت ملازمت 6 دسمبر کو مکمل ہوجائے گی۔ذرائع کاکہناہے کہ نئے چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کا بروقت تقرر نہ کیے جانے کی صورت میں 7دسمبرکو الیکشن کمیشن غیرفعال ہوجائے گا کیونکہ کمیشن کے سندھ اور بلوچستان سے 2ممبران پہلے ہی ریٹائر ہو چکے ہیں۔الیکشن کمیشن، چیف الیکشن کمشنر اور 2ارکان کی عدم موجودگی
میں کوئی فیصلہ نہیں کر سکے گا، الیکشن کمیشن ضمنی الیکشن اور بلدیاتی انتخابات بھی نہیں کراسکے گا جبکہ انتخابی فہرستوں کا معاملہ بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ قانون کے تحت الیکشن کمیشن اپنے 3 ارکان کے ساتھ فعال رہ سکتا ہے جبکہ چیف الیکشن کمشنر سمیت ارکان کی مجموعی تعداد 5ہے۔آئین کے تحت چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تعیناتی کے لیے وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف باہمی مشاورت سے 3نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجواتے ہیں، الیکشن کمشنر کا عہدہ خالی ہونے پر 45روز کے اندرپر کیا جانا چاہیے۔خیال رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن کے سندھ اور بلوچستان سے ممبران کی تعیناتی کے لیے تاحال حکومت اور اپوزیشن کے درمیان معاملات حل نہیں ہوسکے ہیں۔صدر عارف علوی نے مذکورہ خالی اسامیوں پر سندھ سے خالد محمود صدیقی اور بلوچستان سے منیر احمد کاکڑ کا تقرر کیا تھا لیکن اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسے مسترد کردیا اور چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر سے رابطہ کریں۔الیکشن کمیشن 2 ریٹائرڈ ممبران کا عہدہ پر کرنے کے لیے وزارت پارلیمانی امور کو 4خطوط لکھ چکا ہے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنی ویب سائٹس بنائیں،سیاسی جماعتیں ویب سائٹس پر پارٹی آئین جاری کریں الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو مراسلہ جاری کردیا۔مراسلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتیں ویب سائٹ پر پارٹی عہدیداروں کی تفصیلات جاری کریں،سیاسی جماعتیں مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کی مکمل تفصیلات جاری کریں،الیکشن کمیشن نے تمام 125 سیاسی جماعتوں کو مراسلہ بھجوا دیا۔
ایک اور بحران

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے