ڈھاکا (جسارت نیوز)پاکستان نے ایشین کرکٹ کونسل ایمرجنگ ٹیمز کپ کا ٹائٹل جیت لیا، گرین شرٹس نے فیصلہ کن معرکہ میں بنگلا دیش ایمرجنگ کو 77 رنز سے ہرایا، روحیل نذیر نے 113 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، انہیں میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا، سومیا سرکار ٹورنامنٹ کے بہترین پلیئر قرار پائے۔ ہفتہ کو شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم، ڈھاکا میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان ایمرجنگ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز بنائے، روحیل نذیر نے 113رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں3 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے، دیگر بلے بازوں میں عمران رفیق 62، کپتان سعود شکیل 42، خوشدل شاہ 27 اور حیدر علی 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ثمن خان نے 3 اور حسن محمود نے2 وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلا دیش ایمرجنگ ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 43.3 اوورز میں 224 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، عفیق حسین 49، نجم الحسین 46 اور مہدی حسن 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان ایمرجنگ کی طرف سے محمد حسنین نے 3 جبکہ خوشدل شاہ اور سیف بدر نے2,2 وکٹیں حاصل کیں۔
