کراچی (اسٹاف رپورٹر) خیبرپختونخوا نے سنٹرل پنجاب کے خلاف پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز ، بلوچستان نے ناردرن کے خلاف پہلی اننگز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 271رنز اور سدرن پنجاب نے سندھ کے خلاف 5وکٹوں کے نقصان پر 344رنزبنالیے۔ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں خیبرپختونخوا نے سنٹرل پنجاب کے خلاف پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنالیے ۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والی خیبرپختونخوا کی ٹیم کے اوپنرز نے ٹیم کو 97 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا۔ صاحبزادہ فرحان نے 96 اور اسرار اللہ نے 51 رنزبنائے۔ دونوں اوپنرز کے آئو ٹ ہوتے ہی خیبرپختونخوا کا مڈل آرڈر مکمل طور پر ناکام ہوگیا اور یکے بعد دیگرے کھلاڑی آئوٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتے رہے۔ سنٹرل پنجاب کے اسپنرز ظفر گوہر اور بلال کی آصف نینپی تلی بولنگ کامظاہرہ کرتے ہوئے 7کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ خیبرپختونخوا کے آخری 7کھلاڑی ٹیم کے مجموعے میں محض 72 رنز کا اضافہ ہی کرسکے۔ دن کے اختتام پر ظفر گوہر 4 اور بلال آصف نے 3کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔خیبرپختونخوا کی جانب سے محمد محسن اور خالد عثمان کھیل کے دوسرے روز کا دوبارہ آغاز کریں گے۔ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں بلوچستان نے ناردرن کے خلاف پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 271رنز بنالیے ۔ ناردرن کے کپتان نعمان علی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بلوچستان کی جانب سے عمران بٹ اور عظیم گھمن کے درمیان اوپننگ جوڑی کی شراکت 58 رنز پر اختتام کو پہنچ گئی۔عظیم گھمن 17رنز بناکر آئوٹ ہوئے تاہم دوسرے اینڈ سے اوپنر عمران بٹ کی مزاحمت جاری رہی۔ پیر کے روزبلو چستان کے اوپنرعمران بٹ نے ایونٹ میں تیسری سنچری اسکور کی۔ وہ 124رنز بناکر نعمان علی کا شکار بنے۔ دن کے اختتام پر عمرگل 29 اور محمد اصغر بغیر کوئی رنز بنائے کریز پر موجود تھے۔ناردرن کی جانب سے نعمان علی اور صدف حسین3،3 وکٹیں حاصل کرچکیہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سدرن پنجاب نے سندھ کے خلاف 5وکٹوں کے نقصان پر 344رنزبنالیے ہیں۔ 49رنز پر ابتدائی2 وکٹیں کھونے کے بعد ذیشان اشرف اور عبدالراحمن مزمل نے بلوچستان کے لیے 117رنز جوڑے۔ عبدالرحمن مزمل 49 رنز بناکر آئوٹ ہوئے تو ذیشان اشرف نے صہیب مقصود کے ہمراہ اسکورکارڈ کو چلانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 115 رنز کی شراکت نے میچ میں سدرن پنجاب کی پوزیشن مستحکم کردی ۔ ذیشان اشرف 133 اور صہیب مقصود 81 رنزبناکر آئوٹ ہوئے۔ عدنان اکمل 36 اورسلمان علی آغا 6کے انفرادی اسکور سے کھیل کے دوسرے روز کا آغاز کریں گے۔
