کراچی (اے پی پی ) آل کراچی دھنی بخش، نعمان رشید یادگاری فٹ بال ٹورنامنٹ میں ماریپور آزاد نے ینگ ہزارہ کو 1-2 سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ ینگ پھول پتی فٹبال کلب کلری لیاری کراچی کے زیراہتمام لیا ری جنرل فٹ بال اسٹیڈیم میں کھیلے جانے میچ میں ماریپور آزاد نے ینگ ہزارہ کو 1-2 سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ اس سنسنی خیز مقابلے میں دونوں ٹیموں کے فاروڈز نے کھیل کے آغاز سے ہی ایک دوسرے کے گول پر حملے شروع کردئیے مگر دونوں ٹیموں کی دفاعی کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ان کو ناکام بنایا، کھیل کے 18 ویں منٹ میں نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ینگ ہزارہ کے کھلاڑی مقبول کو ریفری بشیر احمد نے ریڈ کارڈ دکھاکر گراؤنڈ سے باہر کردیا جس کے بعد ماریپور آزاد نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے کھیل کے 23ویں منٹ میں اسلم نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی، پہلے ہاف کا اختتام اسی اسکور پر ہوا، کھیل کے دوسرے ہاف میں دس کھلاڑیوں پر مشتمل ینگ ہزارہ کے فاروڈز نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل کے 44ویں منٹ میں شعیب خان نے گول اسکور کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا، کھیل کے آخری لمحات میں فاتح ٹیم کے امجد نے 55ویں منٹ میں گول اسکور کرکے ایک بار پھر سبقت دلادی اور یہ کھیل کے آکر تک برقرار رہی، اس طرح ماریپور آزاد نے 1-2 سے جیت کر اگلے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ اس میچ کو ریفری بشیر احمد نے سپروائز کیا۔ ڈپٹی ریفری کے فرائص جمیل بابا، عبدالجبار نے ادا کئے۔
