ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

بیت المقدس سب سے بڑی یہودی کالونی کی تعمیر شروع

نابلس: قابض فوج مکان مسمار کررہی ہے‘ صہیونی اہل کار مزاحمت کرنے والے فلسطینیوں پر تشدد کررہے ہیں

مقبوضہ بیت المقدس(انٹرنیشنل ڈیسک) قابض صہیونی حکام نے بیت المقدس کے جنوبی علاقے جبل مکبر میں یہود کے لیے شہر کی سب سے بڑی کالونی کی تعمیر کا کام شروع کردیا۔اس کالونی میں یہود کی رہایش کے لیے 176 رہایشی فلیٹ اور مکان تعمیر کیے جائیں گے۔عبرانی اخبار ہارٹز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ یہ مکانات نوو ٹزیون یہودی کالونی میں تعمیر کیے جائیں گے۔ عبرانی اخبار کے مطابق نوو ٹزیون کالونی میں یہ یہودی آباد کاری کا سب سے بڑا منصوبہ ہے، جس میں فوری طور پر 96 مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔ مزید تعمیرات کے بعد مذکورہ یہودی کالونی میں یہود کے لیے تعمیر کردہ گھروں کی تعداد 550 ہوجائے گی۔ فی الحال اس منصوبے کے ابتدائی مرحلے پرکام جاری ہے۔ اگلے مرحلے میں 350 مکان، ہوٹل اور میٹرو ٹرین بھی بنائی جائے گی۔ اس منصوبے میں اسی علاقے میں ایک بڑے دیو ہیکل ہوٹل کا منصوبہ بھی شامل ہے، جس میں 150 کمرے بنائے جائیں گے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے الخلیل میں بیت کحیل قصبے پر دھاوا بول کر فلسطینی اسیران کے 4 مکان مسمار کر دیے۔ مسمار شدہ مکان اسیران احمد عصافرہ، اس کے بھائیوں قاسم عصافرہ ، نصیر عصافرہ اور یوسف ظہور کی ملکیت ہیں۔ مسماری سے مکانات میں رہنے والے لوگ بے گھر ہو گئے۔ ذرائع نے کہا کہ قابض اسرائیلی فوجیوں نے مسماری شروع کرنے سے پہلے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور بعد میں مقامی نوجوانوں اور فوجیوں کے درمیان جھڑپیں پھوٹ پڑیں۔قابض اسرائیلی حکام نے اسیران پر چند ماہ قبل الخلیل کے شمال میں سڑک پر غیر قانونی بستی عتصیون پر اسرائیلی فوجی کے قتل کا الزام لگایا۔اسی طرح اسرائیلی فوج نے نابلس کے نواحی قصبے عصیرہ میں بھی ایک مکان مسمار کردیا۔اس دوران فلسطینیوں نے مزاحمت کی، جن پر اسرائیلی فوج نے تشدد کیا، جس سے 10افراد زخمی ہوگئے۔ادھر اسرائیلی فوجیوں نے رام اللہ سے یونیورسٹی کے 2 طلبہ کو اغوا کر لیا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں