English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حکومتی اقدامات غیر آئینی قرار پاکستان بار کونسل نے آج ملک گیرہڑتال کا اعلان کردیا

جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع اور پرویز مشرف کیس پرفیصلہ رکوانا غیرآئینی اقدامات ہیں
احتجاج اور متعلقہ بار رومز میں وفاقی حکومت کے غیر آئینی اقدامات کے خلاف مذمتی اجلاس ہوں گے ‘اعلامیہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان بار کونسل نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع اور سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف سے متعلق فیصلے کو رکوانے کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے آج ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔احتجاج اور متعلقہ بار رومز میں وفاقی حکومت کے غیر آئینی اقدامات کے خلاف مذمتی اجلاس ہوں گے۔ پاکستان بار کونسل کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے آرمی چیف کو توسیع دینے کی غیر آئینی کوشش کی ہے اور سپریم کورٹ میں گمراہ کن اور غلط دستاویزت پیش کیں‘اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے پرویز مشرف سنگین غداری کیس کا فیصلہ رکوا کر غیر آئینی کام کیا ہے جس کے خلاف وکلا احتجاج کریں گے۔پاکستان بار کونسل کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات کے پیش نظرآج (28 نومبر) کو وکلا ملک گیر ہڑتال کریں گے۔پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین سید امجد شاہ اور چیئرمین ایگزیکٹیو کمیٹی شیر محمد خان نے کہا کہ ‘سپریم کورٹ کے گزشتہ روز کے حکم کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے چیف آف آرمی اسٹاف کی ملازمت میں توسیع کے معاملے پر اپنی غلطیوں کو درست کرنے اور متعلقہ قوانین میں ترامیم کے لیے کیے جانے والے تاخیری حربے اور ردو وبدل کی سختی سے مذمت کرتے ہیں۔پاکستان بار کونسل نے اعلامیے میں جنرل پرویز مشرف کے خلاف’’سنگین غداری کیس’’کے معاملے پر خصوصی عدالت کا فیصلہ روکنے کے لیے وفاقی حکومت کے گزشتہ فیصلے کے برخلاف اور غیر متوقع طور پر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کو مسترد کردیا۔وکلا کی ملک گیر تنظیم نے کہا ہے کہ آج مکمل ہڑتال ہوگی احتجاج اور متعلقہ بار رومز میں وفاقی حکومت کے غیر آئینی اقدامات کے خلاف مذمتی اجلاس ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے