English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ملکی معیشت میں بہتری کا دعویٰ سب سے بڑا جھوٹ ہے،فضل الرحمان

القمر

سکھر(آن لائن)جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے موجودہ حکومت کی پندرہ ماہ کی کارکردگی کو بد ترین ، معیشت کی بہتری کے حکومتی دعوئوں کو اس صدی کا سب سے بڑا جھوٹ اور عمران خان کو جھوٹ کا ماسٹر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دعویٰ عوام کیساتھ مذاق کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی کے مرکزی نائب امیر مولانا عبدالقیوم ، مولانا عبید اللہ بھٹو ابن آزاد ، سندھ کونسل کے رکن مولانا عبدالحق مہر کیساتھ ٹیلی فون پر خصوصی گفتگو کے دوران کیا ۔سکھر سے مقامی ترجمان مولانا عبدالحق مہر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا کہ جعلی مینڈینٹ سے بنائی گئی حکومت کو روز اول سے جھوٹے وعدوں اور بے بنیاد دعوئوں کے ذریعے چلانے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے ، حقیقت اس کے بر عکس ہے کہ معیشت روز بگڑتی جا رہی ہے مہنگائی ، بے روزگار بے پناہ بڑھ چکی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کا جینا دوبھر ہو گیا ہے کاروبار مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے، اگر معشیت بہتر ہو رہی ہے تو عوام تک اس کے فوائد کیو ں نہیں پہنچ رہے ، مہنگائی و بے روزگاری اور بحران کم ہونے کے بجائے کیوں بڑھ رہے ہیں ، فرعون صفت حکمران خزانے پر سانپ بن کر بیٹھے ہوئے ہیں ۔مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی ترجمانوں اور وزرانے بھی جھوٹ بولنے میںپی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرلی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے سنگین سیاسی ، معاشی و اقتصادی بحران کے بعد اب ملک میں آئینی بحران کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے اب اس حکومت کو مزید مہلت نہیں دی جا سکتی ۔
مولانا فضل الرحمان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے